Bus-fell-in-canal

پنجاب میں مسافروں سے بھری خانگی بس نہر میں گر گئی 9 افرادہلاک

تازہ خبر جرائم حادثات قومی
پنجاب میں مسافروں سے بھری خانگی بس نہر میں گر گئی 9 افرادہلاک
متعدد زخمی۔ بہت سے مسافروں کے بہہ جانے کا خدشہہ 
چندی گڑھ:۔19؍ستمبر
(زین نیوز)
پنجاب کے ضلع مکتسر میں منگل کی دوپہر مکتسر کوٹکپورہ روڈ پر مسافروں سے بھری بس نہر میں گر گئی۔ یہ بس مکتسر سے کوٹکپورہ جا رہی تھی۔ حادثہ نہر کے پل کے لوہے کے اینگل سے بس کے ٹکرانے کے بعد پیش آیا۔
جس کی وجہ سے بس کا آدھا حصہ نہر میں جبکہ باقی آدھا ہوا میں معلق رہا۔ اس حادثے میں اب تک 9 مسافروں کی موت ہو چکی ہے جبکہ کئی لوگ لاپتہ ہیں۔ مہلوکین میں سے پانچ کی شناخت ہو گئی ہے۔
 وہ مکتسر، فاضلکا، فرید کوٹ اور بھٹنڈہ کے رہائشی ہیں۔ 3 افراد کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کو اب تک 11 زخمی مل چکے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق بس میں 35 کے قریب مسافر سوار تھے۔ اب بھی کئی افراد کے نہر میں بہہ جانے کا خدشہ ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہاں بارش ہو رہی تھی۔ اس دوران بس ڈرائیور نے اچانک بریک لگا دی۔ جس کے باعث بس بے قابو ہو کر اینگل سے ٹکرانے کے بعد ریلنگ توڑ کر نہر میں جاگری۔
مکتسر کی ڈی سی روحی دگ نے بتایا کہ 8 افراد کی موت ہوئی ہے۔ زخمی ہونے والے 11 افراد کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ حادثے کی وجہ کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ بس تیز رفتاری سے چلی یا بارش کی وجہ سے  توازن کھو کر پھسل گئی۔
بچاؤ آپریشن کے لیے این ڈی آر ایف کو طلب کیا گیا۔حادثےکے بعد ضلع کے ڈی سی روحی دگ موقع پر پہنچ گئے۔ صورتحال کو دیکھتے ہوئے انہوں نے فوری طور پر این ڈی آر ایف کی ٹیموں کو بلایا۔ این ڈی آر ایف کی ٹیمیں موٹر بوٹس کے ذریعے نہر میں لوگوں کی تلاش کر رہی ہیں۔
انتظامیہ نے کنٹرول روم کا نمبر جاری کر دیا۔بس میں سوار مسافروں کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔ انتظامیہ نے لوگوں کو معلومات فراہم کرنے کے لیے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ اس کا نمبر 01633-262175 ہے۔
سی ایم بھگونت مان نے کہاکہ لمحہ بہ لمحہ معلومات لے رہا ہوں۔پنجاب کے سی ایم بھگونت مان نے بس حادثے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکتسر کوٹکپورہ روڈ پر نجی بس کے نہر میں گرنے کی افسوسناک خبر موصول ہوئی ہے۔
انتظامیہ کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں۔ میں بچاؤ آپریشنز کے بارے میں ہر لمحہ معلومات لے رہا ہوں۔بھگوان سب کو سلامت رکھے۔