ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی کے وائس چانسلر منتخب ہونے پر دیوبند کے علمی حلقوں میں خوشی کی لہر

Uncategorized

نومنتخب وائس چانسلر مولانا آزاد یونیورسٹی کو تعلیمی بلندیوں پر لے جائیں گے۔راحت ہاشمی

دیوبند،7؍ستمبر
(رضوان سلمانی)
دیوبند کے قریبی قصبہ پور قاضی کی لائق وفائق شخصیت وزارت انسانی وسائل کی ترقی کے تعلیمی ادارہ اسٹیٹ ریسورس سینٹر(ایس آر سی) کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر جمیل احمد کا ظمی کے مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپورکے وائس چانسلر منتخب ہونے پر دیوبند کی علمی وادبی شخصیات نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے اورامید ظاہر کی ہے کہ ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی اپنی مدت کار میںیونیورسٹی کو تعلیمی بلندیوں پر لے جائیں گے۔

دیوبند کی معروف علمی شخصیت آل انڈیا ریڈیو کے سابقاآفیسر اور جامعہ ملیہ اسلامیہ دہلی کے سابق استاذ راحت ہاشمی نے ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی کے مولانا آزاد یونیورسٹی کے وائس چانسلر مقرر کئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موصوف کا وائس چانسلر منتخب ہونا دیوبند اور پورقاضی کے لئے باعث فخر ہے۔

ڈاکٹر راحت ہاشمی نے بتایا کہ ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی حیدر آباد،نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اوپن اسکول(NIOS)اور اندر اگاندھی نیشنل اردو یونیورسٹی(IGNOU)سے بھی وابستہ رہے ہیں جہاں انہوں نے قابل قدر تعلیمی خدمات انجام دیں۔اس کے علاوہ انہوں نے وزرات دیہی ترقی میں ادارہ جاتی قومی سطح کے مانیٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دی ہیں اور اردو ادب کی ترقی کے لئے متعدد اہم امور انجام دیئے۔

انہوں نے بتایا ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی نے چائلڈ لیبر کے خاتمہ کے میدان میں متعدد قابل ذکر امور انجام دئیے ہیں جن میں چائلڈ لیبر،چائلڈ لیبر کا خاتمہ اور بچوں کو تعلیم کے مرکزی دھارے سے جوڑنا شامل ہے دوسری جانب انہوں نے تعلیم،روز گار،سماجی بہود اور عوامی بیداری کے لئے بھی قابل ذکر اور نمایاں امور انجام دئیے۔دیوبند کی معروف علمی شخصیت،دانشور،ادیب،قلمکار،متعدد کتب بالخصوص تاریخ دیوبند کے مصنف اور علی گڑھ یونیورسٹی کے سابق کارکن ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے بھی ڈاکٹر جمیل احمد کا ظمی کو مولانا آزاد یونیورسٹی جودھپورکا چانسلر منتخب کئے جانے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد دی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی کے والد ڈاکٹر آفاق احمد کاظمی کی دیوبند سے گہری وابستگی تھی جو اجمیر شریف میں ریلوے کے سینئر آفیسر رہے ہیں جس کے باعث ڈاکٹر جمیل احمد کی تعلیم وتربیت بھی اجمیر شریف میں ہی ہوئی ہے ڈاکٹر عبید اقبال عاصم نے بتایا کہ ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی نے ملک کے اہم شعبوں میں اپنی بیش قیمت خدمات انجام دینے کے علاوہ راجستھان کے تقریباً15؍اضلاع میں تعلیم بالغان کے تحت مختلف جہتوں پر کام کیا ہے۔

علاوہ ازیں انہوں نے آدرش گرام یوجنا اور مہارت کی ترقی کے میدان میں بھی خدمات انجام دی ہیں اور قومی و بین الاقوامی سطح کے ورکشاپ،سیمیناروںاور کانفرنسوں میں بھی سرگرم شرکت کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سبکدوش ہونے والے وائس چانسلر پدم شری پروفیسر اختر الواسع نے ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی کو باقاعدہ چارج سونپ دیا ہے۔

ڈاکٹر جمیل احمد کاظمی کے وائس چانسلر منتخب ہونے پر مولانا ندیم الواجدی،فائز سلیم صدیقی مسلم فنڈ دیوبند کے مینجر سہیل صدیقی،سابق چیئرمین انعام قریشی،مولانا نسیم اختر شاہ،اسلامیہ انٹر کالج کے سابق پرنسپل شمیم مرتضی فاروقی،عید گاہ وقف دیوبند کے سکریٹری مولوی محمد انس صدیقی،دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی،شیخ الحدیث مولانا سید احمد خضر شاہ اور دیگر علمی وادبی شخصیات نے مبارکباد دی ہے۔