دیوبند،26؍اکتوبر
(رضوان سلانی)
دیوبند وکھجوری کے درمیان (۵؍ بیگھہ قطعۂ اراضی میں)جامعہ اسلامیہ اخترالمدارس دیوبند کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کی تقریب نہایت تزک واحتشام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس کی صدارت مصلح الامت حضرت مولانا سید انظر حسین میاں مدظلہٗ العالی(رکن شوریٰ دارالعلوم دیوبند، وناظم تعلیمات مدرسہ اسلامیہ اصغریہ دیوبند) نے فرمائی ،
مہمان خصوصی کی حیثیت سے امیرالہند حضرت مولانا سید ارشد مدنی دامت برکاتہم العالیہ(صدرالمدرسین دارالعلوم دیوبند وصدر جمعیت علماء ہند)نمونۂ اسلاف حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی مدظلہٗ العالی(مہتمم دارالعلوم دیوبند) نے شرکت فرمائی،
سب سے پہلے مذکورہ تینوں اکابر نے اپنے مبارک ہاتھوں سے بنیاد کی پہلی اینٹ رکھی، بعدہٗ تقریب میں شریک دیگر علماء کرام نے اس میں حصہ لیا۔سنگ بنیاد کی مناسبت پر جامعہ اینگلو اسلامک اسکول ، محلہ قلعہ دیوبند کے وسیع ہال میںایک عظیم الشان اجلاس منعقد ہوا ،
جس میں مقامی علماء کرام کے علاوہ بیرون ریاست بالخصوص: گجرات، مہاراشٹر، کرناٹک، کشمیر کے علماء کرام اور خانوادۂ میاں صاحب سے عقیدت رکھنے والے بہت سے حضرات شریک ہوئے، جامعہ کے مہتمم جناب مفتی سید محمد طاہر میاں نے اپنے خطاب میں کہا: جامعہ اسلامیہ اخترالمدارس دیوبند نے قلیل عرصے میںاپنے حسن انتظام نیز تعلیمی معیار کی بلندی میں اطراف واکناف میں اپنی ایک پہچان بنائی ہے،
جامعہ کی موجودہ جگہ طلبہ کے اس جامعہ کی طرف بڑھتے رجوع ، نیز شعبہ جات میں اضافے کے باعث نہایت ناکافی تھی ، کافی دنوں سے یہ ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ کسی مناسب وسیع وعریض جگہ میں مدرسہ کو منتقل کیا جائے ، چنانچہ اللہ کے فضل وکرم سے آج ہمارا یہ خواب شرمندۂ تعبیر ہورہا ہے ۔ایکڑ سے تشریف لائے حضرت مولانا شاہد مدظلہٗ نے مدارس اسلامیہ کی ضرورت واہمیت پر بڑا پُر مغز خطاب فرمایا۔
جامعہ عثمانیہ نوئیڈا کے مہتمم حضرت مولانا مفتی ذوالفقار قاسمی زید مجدہٗ نے اپنے بیان میں فرمایا کہ جامعہ اسلامیہ اخترالمدارس کی نسبت نہایت بلند ہے ، اس کا تعلق اور نسبت ایک ایسے خاندان سے ہے جو علم اور راہ سلوک کے حوالے سے ملک وبیرون ملک میں اپنی ایک پہچان رکھتا ہے،
جامعہ کے نائب مہتمم جناب مولانا سید علی اصغرمیاں نے سپاس نامہ پیش کیا ،پروگرام میں گجرات سے تشریف لانے والے وفد کی ترجمانی مولانا یوسف بسم اللہ نے فرمائی،مہاراشٹر کے وفد کی ترجمانی مولانا عمران نے پیش کی، حافظ مسعود بنارسی اور مولانا عبدالرشید کشمیر ی نے بھی مختصر خطاب فرمایا۔
اس موقع پر حضرت مصلح الامت مولانا سید انظر حسین میاں دامت برکاتہم العالیہ کے دست حق پرست پر کافی لوگوں نے بیعت لی، نیز چار حضرات کوحضرت مصلح الامت نے دستار خلافت بھی عطا کی،آپ ہی کی مستجاب دعاء پر جلسہ کا اختتام ہوا، اس موقع پر جامعہ اسلامیہ اخترالمدارس دیوبند کے اساتذہ وکارکنان کے علاوہ ، شہر دیوبند کی بہت سی ممتاز شخصیات نے بھی شرکت فرمائی
جس میں ڈاکٹر سید جمیل (مہتمم مدرسہ اسلامیہ اصغریہ) ، سہیل صدیقی (منیجر مسلم فنڈ دیوبند) ، مولانا ابراہیم صاحب (مہتمم مدرسہ دارالتعلیم والصنعہ دیوبند) سر فہرست ہیں، اخیر میں ایڈوکیٹ سید طیب میاں صاحب (منیجر جامعہ اینگلو اسلامک اسکول ) نے تمام مہمانان کا شکریہ ادا کیا ۔