سرسا وہ تھانہ پولیس میں 20 لاکھ روپے کی رنگ داری مانگنے والے بدمعاشوں گرفتار

تازہ خبر جرائم حادثات

دیوبند، 31؍ اکتوبر
(رضوان سلمانی)
سرساوہ تھانہ پولیس اور ایس او جی ٹیم کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے جو بدمعاش تاجر سے 20لاکھ روپے کی رنگ داری مانگ رہے تھے انہیں پولیس نے ایک تصادم کے بعد گرفتار کرلیا ،تینوں بدمعاشوں کے پاس سے کئی موبائل ، اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے ، بدمعاشوں میں سے ایک انٹرنیٹ کالنگ کرکے رنگ داری مانگ رہا تھا ، تینوں بدمعاشوں کو پولیس نے عدالت میں پیش کرکے انہیں جیل بھیج دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق پولیس لائن میں ایس ایس پی آکاش تومر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سرساوہ تھانہ علاقہ کے محلہ کساوان کے رہنے والے تاجر اشوک کمار مہندو ولد کشمیری لال سے گزشتہ 9اکتوبر کو نامعلوم نمبر سے 20لاکھ روپے کی رنگ داری مانگی گئی تھی، رنگ داری مانگنے والوں نے کہا تھاکہ اگر رقم نہیں دی تو وہ اس کی اور اس کے اہل خانہ کا قتل کردیں گے۔ اس کے بعد مذکورہ تاجر نے پولیس کو اطلاع دی ، ایس ایس پی نے فوراً تاجر کو سیکورٹی مہیا کراتے ہوئے ملزمان کو گرفتا رکرنے کے لئے ٹیمیں تشکیل دیں۔

ایس او جی انچارج جے ویر سنگھ، سرساوہ تھانہ انچارج دھرمیندر سنگھ وغیرہ کو اس کام پر لگایا گیا ۔ سرویلانس ٹیم کی بدولت انٹر نیٹ کے ذریعہ جس نمبر سے کال کی گئی تھی اس نمبر کی بنیاد پر سرویلانس ٹیم ملزمان تک پہنچی جس کے بعد امرجیت عرف راہل رانا والد آش کرن ساکن رائے پور سرساوہ ، امت رانا، ولد رندھیر سنگھ ساکن رائے پور، رنکو عرف رویندر کمار ساکن سونا ارجن پور تھانہ نانوتہ کو گرفتار کیا گیا ۔ تینوں نے اپنا جرم قبول کرلیا۔

امت رانا نام کا ملزم تعلیم یافتہ ہے اور اس نے آئی ٹی آئی کی ہوئی ہے اور وہ انٹر نیٹ کے بارے میں اچھی معلومات رکھتا ہے اس لئے اجے نے ہی اپنے لیپ ٹاپ سے انٹر نیٹ کے ذریعہ تاجر کو 8مرتبہ کال کی تھی۔ ایس ایس پی نے بتایا کہ ایس او جی انچارج کو جب ملزمان کی لوکیشن سرساوہ کے گائوں کنڈی کے نزدیک ملی تو ٹیم نے فوراً وہاں پر دبش دی ، بدمعاشوں کے حوصلے اس قدر بلند تھے کہ انہوں نے ایس او جی کی ٹیم پر فائرنگ کردی ،گولی ایک دیوار میں جا لگی جس کے بعد پولیس نے بھی ملزمان پر فائرنگ کی ، حالانکہ کسی کو گولی نہیں لگی اور پولیس نے تینوں کوبدمعاشوں کو موقع پر گرفتارکرلیا اور تھانہ لاکر پوچھ تاچھ کی تو تینوں نے اپناجرم قبول کرلیا ۔ پولیس نے تینوں کو عدالت میں پیش کرکے جیل بھیج دیا۔