دیوبند، 18جنوری
(رضوان سلمانی)
آزاد سماج پارٹی کے صدر اور بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ انہیں دو ماہ تک دھوکہ دیا گیا، اب ان کی پارٹی اپنی طاقت پر الیکشن لڑے گی۔ اتحاد سماجی انصاف کی بات کرتا ہے، لیکن دلتوں کے بغیر یہ اتحاد کتنا کھوکھلا ہے، اس کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ گزشتہ دو ماہ سے چندر شیکھر اپنا ایٹی ٹیود کھو بیٹھا تھا، لیکن اب وہ دلت سماج کی عزت نفس کو کھونے نہیں دیں گے۔
اُنہیں تحریک چلانے کی سمجھ تھی لیکن سیاست میں ابھی کمی تھی۔ بھیم آرمی کے سربراہ چندر شیکھر نے آج نوئیڈا میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران 33 سیٹوں کے لیے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی۔ بھیم آرمی چیف نے کہا کہ ہم یوپی کا الیکشن مرحلہ وار کارکنوں کو ساتھ لے کر لڑیں گے۔
خوف صرف یہ تھا کہ اگر اپوزیشن کے ٹوٹنے سے بی جے پی واپس لوٹتی ہے تو پھر عوام کے ساتھ ظلم ہوگا، میں سات گھنٹے تک موٹر سائیکل سے لکھیم پور کھیری پہنچا تھا اور میں واحد شخص تھا جو مسلمانوں کی لڑائی لڑنے کے لئے دہلی پہنچے تھا۔ انہوں نے کہا کہ دبے کچلے لوگوں کی لڑائی لڑتے ہوئے وہ 27 دن تک جیل میں رہے اگر آج ہم لوگ ڈر گئے تو کوئی طاقتور انسان سے نہیں لڑے گا اور نوجوانوں کے حوصلے ٹوٹ جائیں گے۔
انہو ںنے کہا کہ آج ہم نے جو کچھ بھی حاصل کیا ہے، اپنی محنت سے حاصل کیا ہے۔ چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ انتخابی نتائج آنے کے بعدجب کسی بھی سیاسی جماعت کو بی جے پی کی حکومت بنانے سے روکنے کے لیے ہماری مدد کی ضرورت ہوگی، ہم سب کی مدد کریں گے۔ چندر شیکھر میڈیا سے بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے ۔
ہماری طاقت بھیم آرمی اور پارٹی سے جڑا ہر کارکن ہے ، پارٹی کے کسی کارکن کو کسی بھی موقع پر بے عزت نہیں ہونے دیا جائے گا اس کی لڑائی سڑکوں تک لڑی جائے گی۔ چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ جلد ہی سہارنپور کے امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا،آزاد سماج پارٹی کے میڈیا انچارج ٹنکو کپل نے کہا کہ ضلع سہارنپور کی ساتوں اسمبلی سیٹوں پر ہماری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
قومی صدر چندر شیکھر آزاد کے حکم کے مطابق جلد ہی امیدواروں کا اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 2022کے اسمبلی انتخابات پوری محنت اور طاقت کے ساتھ لڑا جائے گا۔