دیوبند کالج آف ہائیر ایجوکیشن میں طلبہ و طالبات کو ٹیبلیٹ‘ اسمارٹ فون تقسیم

تازہ خبر قومی

دیوبند، 30؍ مارچ
(رضوان سلما نی)
دیوبند کالج آف ہائیر ایجوکیشن میں طلبہ وطالبات کو صوبائی حکومت کی جانب سے اسمارٹ فون وٹیبلیٹ تقسیم کئے گئے۔ جنہیں پاکر طلبہ وطالبات خوشی سے جھوم اٹھے۔ اسٹیٹ ہائی وے پر واقع کالج میں منعقدہ پروگرام کے مہمان خصوصی بی جے پی کے ضلع نائب صدر سندیپ شرما ایڈوکیٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت اپنے وعدوںپر پوری اتر رہی ہے، جو کہا وہ کرکے دکھایا جارہا ہے۔

انہوں نے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ایک مرتبہ پھر بی جے پی کی قیادت پر بھروسہ کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ کو صوبہ کی باگ ڈور تھمائی ہے ،ہمیں یقین ہے کہ بی جے پی کی قیادت میں صوبہ میں ترقیاتی کاموں کی گنگا بہنے لگے گی

۔ بھاجپا کے ضلع سکریٹری وپن بھارتی اور شہر صدر وپن گرگ نے کہا کہ صوبائی حکومت طلبہ وطالبات کے روشن مستقبل کے لئے اقدامات کررہی ہے ، تعلیم میں انہیں سہولت ہو اسی کے سبب اسکیم چلاکر انہیں ٹیبلیٹ اور اسمارٹ فون دیئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد تعلیم کو ہر طبقے کے لئے عام کرنا ہے ۔ وکاس تیاگی ،مرتضیٰ قریشی اور انور انجینئر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے طلبہ وطالبات کے روشن مستقبل کی دعا دی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ترقیاتی کاموں کی رفتار جس تیزی کے ساتھ بڑھی ہے ، آنے والے دنوں میں وہ رفتار اور بڑھے گی۔ صوبہ اترپردیش ترقیاتی کاموں میں ملک کا واحد صوبہ ہوگا جہاں تمام طبقات کے افراد کو یکساں تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

ادارہ کے چیئرمین ڈاکٹر قمرالزماں قریشی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی اور صوبہ کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی کوششوں کی وجہ سے ہی آج نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملا ہے۔

پرنسپل محمد عابد نے کہا کہ ٹیبلیٹ اور اسمارٹ فون کے استعمال سے طلبہ وطالبات کو تعلیم حاصل کرنے میں سہولت ہوگی۔ پروگرام کی نظامت سونیایادو نے کی، ناڈل آفیسر آشیش شرما، جاوید، عائشہ خان، ماجد خان، شاکر حسن، ساجد، سولانی ورما اور اسرار تیاگی وغیرہ موجود رہے۔