دیوبند،2 اپریل
(رضوان سلمانی)
دیوبند کے معروف عصری ادارہ نواز گرلز پبلک اسکول میں انٹر میڈیٹ کی طالبات کے لئے ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔جس کا افتتاح اسکول کے بانی اور مشہور ومعروف شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی نے فیتہ کاٹ کرک کیا۔پروگرام کے آغاز میں درجہ 11؍کی طالبات نے پروگرام میں شریک مہمانوں اور درجہ 12؍کی طالبات کے لئے ایک استقبالیہ گیت پیش کیا ۔
اس الوداعی تقریب میں طالبات نے مختلف قسم کے پروگرام پیش کئے ۔طالبات کی جانب سے پیش کئے جانے والے پروگراموں میں کوئز،بلون ریس،بندی گیم اور میوزیکل چیئرکی مدد سے حاضرین کو محظوظ کیا ۔درجہ 11؍ کی طالبات کی جانب سے درجہ 12؍کی طالبات کو مختلف ٹائٹل دئیے گئے جیسے علمہ کو مس انٹیلجینٹ ،علیشا راحت کو مس گارجیئس ،اریبہ کو مس فیئرویل اور زویا احمد کو مس این جی پی ایس کے خطاب سے نواز گیا ۔

ادارہ کے پرنسپل فوزیہ خان نے طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیٹیاں اپنے اسکول وکالجوں نیز اپنے والدین کے لئے باعث فخر ہوتی ہیںاسلئے تمام طالبات کو اپنے تعلیمی مقاصد کو ذہن میں رکھتے ہوئے پر عزم رہ کر آگے بڑھنا ہوگا تاکہ والدین اور اسکول کا نام روشن ہوسکے۔انہوں نے تمام طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے آنے والے امتحان اور شاندار کامیابی کیلئے نیک خواہشات پیش کیں۔
اسکول کے بانی ڈاکٹر نواز دیوبندی نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ آج سب بچیوں کے جہاں رخصت ہونے کی خوشی ہے وہیں اس ادارہ سے ان کے جانے کا غم بھی ہے لیکن آپ جہاں بھی رہیں خوش رہیں اور اپنے مقاصد میں کامیاب ہوں۔
انہوں نے طالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ زندگی میں ہمیشہ اونچے خواب دیکھیں اور اپنی سوچ وفکر کو ہمیشہ مثبت رکھیں کیونکہ یہی کامیاب زندگی کا فلسفہ ہے ۔اس موقع پر اسکول کا اسٹاف اور طالبات موجود رہیں۔
