بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے حل تک یہ ممکن نہیں۔ شہباز شریف

تازہ خبر عالمی

وزیراعظم کاحلف لینے سے پہلے ہی کشمیر کا راگ الاپنا شروع کر دیا
نئی دہلی :10؍اپریل
(اے ایم این ایس)
پاکستان کی اپوزیشن جماعتیں وزیراعظم عمران خان کو وزارت عظمیٰ کی کرسی سے ہٹانے میں کامیاب ہوگئیں۔ تحریک عدم اعتماد میں شکست دے کر عمران خان کو اقتدار سے بے دخل کر دیا گیا۔ ان کی جگہ نواز شریف کے بھائی شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کا قوی امکان ہے ۔ لیکن وزیر اعظم کا حلف لینے سے پہلے ہی شہباز شریف نے کشمیر کا راگ الاپنا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے بھارت کے ساتھ تعلقات پر اہم بیان دیا ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک بھارت سے پرامن تعلقات قائم نہیں ہو سکتے ۔واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بھائی شہباز شریف اب پاکستان کے نئے وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں۔ پیر 11 مئی 2022 کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ان کے نام پر بطور وزیر اعظم مہر ثبت کی جائے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے ساتھ امن چاہتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کے حل تک یہ ممکن نہیں۔ یہ باتیں انہوں نے اسلام آباد میں جیو نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح قومی ہم آہنگی ہو گی۔ بھارت کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں لیکن مسئلہ کشمیر حل ہونے تک ایسا ممکن نہیں۔

شہباز شریف نے وعدہ کیا کہ وہ ملک میں ایک نئے دور کا آغاز کریں گے۔ باہمی احترام کو فروغ دیں گے۔ حکومت بنانے کے بعد وہ اپوزیشن رہنماؤں سے مشاورت کریں گے اور پھر اپنی نئی کابینہ تشکیل دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔ پاکستان آج بھی مقروض ہے۔ عوام مسلسل بڑھتی ہوئی مہنگائی سے پریشان ہیں۔