ہنومان جینتی جلوس کے دوران دہلی کے جہانگیر پوری میں ہنگامہ، کئی گاڑیاں نذر آتش‘ توڑ پھوڑ کے واقعات

تازہ خبر قومی

نئی دہلی:16؍اپریل
(اے ایم این ایس)
دہلی کے جہانگیر پوری علاقہ میں ہفتہ کو ہنومان جینتی جلوس کے دوران ہنگامہ ہوا۔ اس دوران کئی گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی خبریں بھی منظر عام پر آ ئی ہیں۔ شرپسندوں نے یہاں بھی آگ لگانا شروع کر دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تلواریں اور گولیاں بھی چلائی گئی ہیں۔ حملے کے بعد علاقہ میں کشیدگی کا ماحول ہے۔ پولیس کے مطابق جہانگیرپوری میں کشیدگی ہے تاہم حالات کو قابو میں کر لیا گیا ہے۔ آر اے ایف کی دو کمپنیاں وہاں تعینات کی گئی ہیں

اس کے علاوہ حساس علاقوں میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ پوری دہلی ہائی الرٹ پر ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے دہلی پولیس کمشنر سے صورتحال کے بارے میں دریافت کیا اور انہیں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔

واقعہ کے بعد کئی تھانوں سے اضافی پولیس فورس طلب کر لی گئی ہے۔ ریپڈ ایکشن فورس نے علاقے میں مارچ کیا۔ دونوں گروپوں میں تصادم بھی ہوا۔

پولیس کمشنر نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینئر افسران کو فیلڈ میں رہنے اور امن و امان برقرار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ لوگ افواہوں اور جعلی خبروں پر دھیان نہ دیں

دہلی پولیس نے کہاہے کہ ہنگامہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ شام 5 بجے کے قریب کشال سنیما کے قریب پیش آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ متاثرہ علاقہ میں بڑی تعداد میں فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جلوس میں پیدل چلنے والے لوگوں پر پتھراؤ اور چھٹپٹی آتش زنی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی دہلی پولیس کمشنر نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالات ابھی بھی قابو میں ہیں، ہنگامہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

دہلی پولیس کمشنر نے یہ بھی کہا ہے کہ قومی راجدھانی کے دیگر علاقوں میں سیکوریٹی کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ پولیس نے بیان میں کہا ہے کہ ہنگامہ آرائی کے دوران کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی (عاپ) کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے جہانگیر پوری میں ہنگامہ پر لوگوں سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی ہے۔ سی ایم کیجریوال نے مرکز پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ دہلی کی حفاظت مرکز کی ذمہ داری ہے۔ ساتھ ہی مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی اس معاملے کو لے کر دہلی پولیس کمشنر سے بات کی ہے۔

اس سب کے درمیان دہلی کے جہانگیر پوری علاقہ میں جلوس کے دوران ہنگامہ آرائی کے واقعہ کو لے کر یوپی میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں مذہبی لحاظ سے حساس مقامات اور مذہبی مقامات کے گرد گشت بڑھا دیا گیا ہے۔

اس کے ساتھ ہی تمام اضلاع کی پولیس انتظامیہ کے افسران کو اضافی چوکسی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کل 84 کوسی یاترا ایودھیا میں شروع ہونے والی ہے۔ مقامی پولیس انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر کے حوالے سے خصوصی احتیاط برتیں۔