چوری کے شبہ میں نوجوان کو درخت سے اُلٹا لٹکا کرزد و کوب کرنے کا واقعہ

تازہ خبر قومی

ویڈیو وائرل ۔نا بالغ سمیت 5 گرفتار

نئی دہلی : 30؍اپریل
(زین این ایم ایس)
چھتیس گڑھ کے بلاس پور ضلع میں ایک نوجوان کو درخت پر اُلٹا لٹکا کر پیٹنے کا ویڈیو وائرل ہوا ہے۔ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے اس معاملے میں کارروائی کرتے ہوئے ایک نابالغ سمیت 5 لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

اس بارے میں جانکاری دیتے ہوئے بلاس پور ضلع کے پولس حکام نے ہفتہ کو بتایا کہ سیپت تھانہ کے اُچھ بھٹی گاؤں میں ایک نوجوان کو درخت پر اُلٹا لٹکا کر پیٹنے کا ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولس نے ایک 15 سالہ نابالغ سمیت پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے

پولیس حکام نے بتایا کہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے جمعہ کی شام دیر گئے منیش کھرے، شیوراج کھرے اور جانو بھارگوا اور آج صبح بھیم کیسروانی اور ایک 15 سالہ لڑکے کو گرفتار کیا۔ بتایا گیا کہ اس واقعہ میں متاثرہ نوجوان مہاویر سوریاونشی ضلع کے رتن پور علاقہ کا رہنے والا ہے جو سپت علاقہ کے اچبھٹی گاؤں میں مزدور اور چوکیدار کا کام کرتا ہے۔

https://twitter.com/thealokputul/status/1520254585142603776

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ 24-25 اپریل کی درمیانی رات کو منیش نے مبینہ طور پر مہاویر کو اپنے گھر میں داخل ہونے کی کوشش کرتے ہوئے دیکھا تھا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مہاویر اس دوران وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

تاہم اگلے دن پیر کو منیش نے اسے پکڑ لیا اور چوری کی کوشش کا الزام لگاتے ہوئے پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ منیش نے مہاویر کے خلاف پولیس میں مقدمہ درج نہیں کرایا۔ جس کی وجہ سے اسے وارننگ دے کر رہا کر دیا گیا۔

بتایا گیا کہ بعد میں منیش نے مہاویر پر الزام لگایا کہ مہاویر بدھ کی رات دوبارہ اس کے گھر پہنچا اور باہر کھڑی اس کی موٹر سائیکل کو نقصان پہنچا کر بھاگ گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ جمعرات کو منیش اور دیگر چار ملزمان نے مہاویر کو پکڑا اور مبینہ طور پر اسے گاؤں میں اینٹوں کے بھٹی کے قریب ایک درخت سے الٹا لٹکا دیا اور اس کی بے دردی سے پٹائی کی۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نوجوان درخت پر الٹا لٹکا ہوا ہے اور کچھ لوگ اسے لاٹھی سے پیٹ رہے ہیں۔ الٹا لٹکا نوجوان مارنے والوں سے رحم کی التجا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کے دوران کچھ مقامی لوگوں نے مداخلت کرنے کی کوشش کی اور ان میں سے ایک نے اسے اپنے موبائل فون پر ریکارڈ کر لیا۔

بعد ازاں اس نے یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جب پولیس کو واقعے کا علم ہوا تو پولیس نے فوری طور پر پانچوں ملزمان کو پکڑ لیا۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس کو اطلاع ملی ہے کہ واقعہ کے بعد مہاویر گاؤں چھوڑ کر چلا گیا ہے۔ ملزم کا بیان لے کر اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔