اگلے پانچ سالوں میں ہندوستان کی سڑکوں سے پٹرول کاریں غائب 

تازہ خبر قومی
مرکزی وزیر نتن گڈکری کادعویٰ
نئی دہلی : 11؍جولائی
(زیڈ این ایم ایس)
 مرکزی وزیر روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز مسٹرنتن گڈکری نے دعویٰ کیا ہے کہ اگلے پانچ سالوں میں ہندوستان کی سڑکوں سے پٹرول کاریں غائب ہو جائیں گی۔ مرکزی وزیر نے مبینہ طور پر مزید کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں ملک میں پٹرول ختم ہو جائے گا جس کی وجہ سے ملک میں پانچ سال بعد ہندوستان میں پیٹرول کی ضرورت نہیں رہے گی۔ گڈکری نے کہا کہ سبز ایندھن آنے والے وقت میں پٹرول کی ضرورت کو ختم کر دے گا۔
 انہوں نے دعویٰ کیا کہ چند سالوں بعد ملک میں نہ صرف کاریں بلکہ اسکوٹر بھی گرین ہائیڈروجن، ایتھنول فلیکس فیول، سی این جی یا ایل این جی پر چلیں گے۔ گرین ہائیڈروجن کو گہرے کنویں کے پانی سے بنایا جا سکتا ہے اور اسے 70 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا سکتا ہے۔ مرکزی وزیر نے مبینہ طور پر مزید کہا کہ اگلے پانچ سالوں میں ملک میں پٹرول ختم ہو جائے گا

مہاراشٹر کے اکولا میں منعقدہ ایک پروگرام میں مرکزی وزیر نے یہ بیان دیا جس میںو ہ بطورمہمان خصوصی شریک تھے۔ انہیں ڈاکٹر پنجاب راؤ دیشمکھ کرشی ودیا پیٹھ، اکولا میں ڈاکٹر آف سائنس کی اعزازی ڈگری دی جا رہی تھی۔ اپنے خطاب میں گڈکری نے ہائیڈروجن، ایتھنول اور دیگر سبز ایندھن کے استعمال پر خصوصی زور دیا۔گڈکری کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ مہاراشٹر کے ودربھ ضلع میں بنائے جانے والے بائیو ایتھنول کو گاڑیوں میں استعمال کیا جا رہا ہے
اس کے ساتھ ہی گڈکری نے زرعی شعبے کے محققین سے بھی اپیل کی کہ وہ اگلے پانچ سالوں میں اس شعبے کی ترقی کی شرح کو موجودہ 12 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد تک لے جائیں۔انہوں نے کہا کہ مہاراشٹر کے کسان بہت باصلاحیت ہیں۔ انہیں نئی ​​تحقیق اور نئی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے اور انہیں ٹرینڈ بنانے کی ضرورت ہے۔
کسان صرف خوراک فراہم کرنے والے نہیں بلکہ توانائی فراہم کرنے والے بننے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کسان صرف گندم، چاول، مکئی لگا کر اپنا مستقبل نہیں بدل سکتا۔