دارالعلوم دیوبند کا جدید ٹیکنالوجی کی طرف ایک اور قدم

تازہ خبر قومی
اس ترقی یافتہ دور میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہونا ضروری ہوگیا ہے: مہتمم دارالعلوم دیوبند 
دیوبند،7؍اگست
(رضوان سلمانی)
دارالافتا دارالعلوم دیوبند کو آج جدید ٹیکنالوجی والے کمپیوٹرز سے مکمل طور پر لیس کردیا گیا ہے، یہ قدم اس لیے اٹھایا گیا تاکہ فتاوی کی ترسیل و اشاعت کی رفتار مزید بہتر بناء جاسکے۔ آج دارالافتا دارالعلوم دیوبند کا نیا دفتری نظام عمل میں لایا گیا جس کا افتتاح دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کیا،
 اس موقع پر نائب مہتمم مولانا عبد الخالق مدراسی، مفتی راشد اعظمی، مفتی محمود بلند شہری مفتی زین الاسلام، مفتی حبیب الرحمٰن خیر آبادی صاحبان و دیگر مفتیان بھی موجود رہے۔نگراں دارالافتا مولانا معین الدین قاسمی نے دیگر اصلاحات کے ساتھ ساتھ دارالافتا کے نظام میں مزید بہتری لانے کے لیے دارالافتاء دارالعلوم دیوبند کو آج مکمل طور پر کمپیوٹرائزڈ بھی کردیا ہے
 جس کے لیے کافی دن سے کوششیں جاری تھیں، اب فتاوی کی رفتار میں مزید تیزی لائی جائے گی، شہر کے معززین کا کہنا ہے کہ شوری نے اس تجویز کو پاس کرکے نہ صرف دارالافتاء کے مفتیان بل کہ مستفتیان کو بھی ایک طرح سے سہولیات فراہم کرنے کا کام کیا ہے، اس اقدام کی جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔