ایک شخص نے پولیس سے کی اسکول وین ڈرائیور کی شکایت
دیوبند، 24؍ اگست
(رضوان سلمانی) ایک گائوں کی رہنے والی خاتون اپنی معصوم بھتیجی کو لے کر مشتبہ حالت میں غائب ہوگئی ، اس کے اہل خانہ نے دیوبند کوتوالی میں تحریر دے کر خاتون کو تلاش کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ آج دیوبند کوتوالی پہنچے گائوں مجھول زبردست پور کے رہنے والے رمن کمار نے پولیس کو دی گئی تحریر میں بتایا کہ کرن کی شادی تقریباً پانچ سال قبل گائوں بھائیلہ کے رہنے والے پربھات کے ساتھ ہوئی تھی ،
فی الحال کرن اپنے مائیکہ میں آئی ہوئی تھی اور گزشتہ 21اگست کو وہ اپنے بھائی رہتو کی 15ماہ کی لڑکی آروی کو گھمانے کے لئے باہر لے کر گئی تھی جس کے بعد سے وہ واپس نہیں لوٹی ہے۔ تحریر میں گمشدگی درج کرکے خاتون اور بچی کو تلاش کرنے کی فریاد کی گئی ہے، پولیس کے مطابق گمشدگی درج کرکے خاتون اور بچی کی تلاش شروع کردی گئی ہے ، خاتون ذہنی طور سے معذور بتائی جارہی ہے۔
دوسری جانب محلہ ٹاکان کے رہنے والے ایک شخص نے اس کے بچہ کو اسکول لے جانے والے وین ڈرائیور پر لاپرواہی کا الزام لگاتے ہوئے اس کے خلاف پولیس سے کارروائی کا مطالبہ کیاہے۔ متأثرہ شخص نے دیوبند کوتوالی میں تحریر دیتے ہوئے بتایا کہ اسکول وین ڈرائیور اس کے لڑکے کو صبح کے وقت تو گھر سے ہی لے کر جاتاہے لیکن اسکول کی چھٹی کے بعد گھر سے دور مجنوں والا روڈ پر چھوڑ کر چلا جاتا ہے جس کے سبب آج اس کا لڑکا نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر زخمی ہوگیا۔
زخمی طالب علم کے والد شکیل احمد نے بتایا کہ اس کا لڑکا قاسم پورہ روڈ کے نزدیک ایک اسکول میں زیر تعلیم ہے ، متأثرہ شخص نے پولیس سے اسکول ڈرائیور کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔