ڈینگو سے نمٹنے کے لئےمحکمہ صحت کے اقدامات۔ ڈینگو وارڈ تیار

تازہ خبر قومی
دیوبند، 24؍ اگست
(رضوان سلمانی) 
ضلع سہارنپور میں ڈینگو بخار کے خطرے سے نپٹنے کے لئے محکمہ صحت نے تیاریاں شروع کردی ہیں ، ضلع ہسپتال سے لے کر دیگر سرکاری اسپتالوں میں ڈینگو مریضوں کے لئے ڈینگووارڈ تیار کردیئے گئے ہیں، اس کے ساتھ ہی یہاں پر سبھی ضروری دوائیاں مہیا کرادی گئی ہیں۔ وارڈوں میں مچھر دانی بھی رکھوائی گئی ہیں۔ اس وقت شدید گرمی میں وائرل بخار نے ضلع میں پیر پسار رکھے ہیں جس کے سبب سرکاری اسپتال سے لے کر پرائیویٹ اسپتالوں میں بخار کے مریضوں کی لمبی لمبی قطاریں لگ رہی ہیں۔
 ایس بی ڈی ضلع ہسپتال کی اوپی ڈی میں زیادہ بھیڑ ہونے کی وجہ سے پیر رکھنے تک کی جگہ نہیں مل رہی ہے۔ بخار کے مریضوں میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے سی ایم او نے ایس بی ڈی ضلع اسپتال میں 10بیڈ کا ایک ڈینگو وارڈ ریزرو کرادیا ہے ۔ وارڈ میں ڈینگو مریضوں کو داخل کرایا جائے گا ، یہاں پر مچھر دانی بھی رکھوائی گئی ہے ، اس کے ساتھ ہی ضلع کے سبھی سرکاری اسپتالو ںپر 5-5بیڈ کے وارڈ تیار کئے گئے ہیں ۔
 سی ایم او نے سبھی سرکاری اسپتالوں کے انچارجوں کو ہدایت دی ہے کہ ڈینگو کے مریضوں کو مچھردانی میں ہی رکھا جائے کیوں کہ اگر ڈینگو مریض کو کسی مچھر نے کاٹ لیا اور اس مچھر نے دوبارہ اگر کسی دوسرے شخص کو کاٹ لیا تو وہ بھی ڈینگو کی زد میں آسکتا ہے۔ ایسے میں مچھر دانی کا نظم ضروری ہے۔
 اس سلسلہ میں ضلع ملیریا آفیسر شوانگا گوڑ نے بتایا کہ کسی طرح سے کسی شخص کو لگے کہ اسے ڈینگو ہوسکتا ہے تو وہ ضلع اسپتال میں جاکر اپنی جانچ کراسکتے ہیں کیو ںکہ اسپتال میں ڈینگو کی جانچ مفت کی جارہی ہے ، حالانکہ ضلع اسپتال کی پیتھالوجی میں ابھی تک ڈینگو کاکوئی مریض نہیں ملا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ اس موسم میںلوگوں کو بھی احتیاط برتنے کی ضرور ت ہے، اپنے آس پاس صاف صفائی کا دھیان رکھیں، تازہ کھانا کھائیں اور ابلے ہوئے پانی کا استعمال کریں ۔