طلبہ وطالبات نے شاندار نعت خوانی اور ترتیل کے ساتھ قرأت پیش کی
دیوبند، یکم؍ ستمبر
(رضوان سلمانی) عصری تعلیم کے معروف ادارہ تسمیہ جونیئر ہائی اسکول میں سیرت طیبہ کے عنوان سے ایک پروگرام منعقد کیا گیا ۔اس پروگرام کے تحت نعت نبی ؐاور قرأت کے مقابلہ منعقد کئے گئے ۔دونوں پروگراموں میں طلبہ وطالبات نے نہایت جوش وخروش اور ایمانی جذبہ کے ساتھ حصہ لیا ۔نعت خوانی کے مقابلہ میں شرکت کرنے والے طلبہ وطالبات نے نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اقدس میں شاندار اور روح پرور نعتیں پیش کیں۔
اس موقع پرسید اعجاز نے نعت خوانی سے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام اہل اسلام نعت خوانی کی محفلیں منعقد کرکے اپنے محبوب پیغمبر حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ اپنی بے پناہ محبت اور جذبہ کی وابستگی کا اظہار کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نعت مصطفیؐ کوئی نیا عمل نہیں ہے بلکہ قرآن وسنت سے ثابت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج جن طلبہ وطالبات نے جو شاندار نعت نبیؐ پیش کی ہیں یہ ان کا ایمانی جذبہ اور نبی ؐسے وابستگی کا مظہر ہے۔انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ ایک مقام پر اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان بہ طریق نعت یوں بیان فرمائی کہ حکمت سے معمور قرآن کی قسم بے شک آپ ضرور رسولوں میں سے ہیں ۔
بعد ازاں طلبہ وطالبات کے ایک گروپ نے قرآن خوانی اور قرأت کے مقابلہ میں حصہ لیا اور شاندار آوازوں اور ترتیل کے ساتھ قرآن خوانی اور قرأت پیش کی۔اس موقع پرتسمیہ جونیئر ہائی اسکول کے پرنسپل جاوید مظہر نے قرآن مجید کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام اور اپنے بندوں کے نام پیغام ہے ۔قرآن مجید کی تلاوت کرنا باعث برکت اور ثواب ہے لیکن افسوس کہ آج اکثریت ایسے لوگوں کی ہے کہ جو تلاوت کلام پاک سے غافل رہتے ہیں ۔
دنیا کے کاموں میں مصروف رہنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن ہم سب کو یہ ذہن نشیں رکھنا چاہئے کہ تلاوت کلام پاک سے اللہ تعالیٰ کی برکتوں کا نزول ہوتا ہے اور تمام کاموں میں آسانی ہوتی ہے اسلئے ہم سب کو یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم روزانہ تلاوت کلام پاک کے لئے وقت نکال کر قرآن مجید پڑھیں گے اور اس کو سمجھیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ قرآن کو مضبوطی کے ساتھ تھام لیتے ہیں اللہ تعالیٰ ان کو دنیا اور آخرت میں عزت عطا کرتا ہے لیکن جو لوگ قرآن کی تلاوت اور تعلیمات سے دور ہوتے ہیں ایسے لوگ ہمیشہ پریشان اور ذلیل وخوار رہتے ہیں اسلئے ہمیں تلاوت کلام پاک کا ورد روزانہ کرنے کی عادت ڈالنی چاہئے تاکہ دنیا اور آخرت دونوں جگہ سرخ رو ہوں۔
مذکورہ دونوں مقابلوں میں تسمیہ جونیئر ہائی اسکول کی طلبہ وطالبات ثمرا،ضیا انصاری،عاطف،عالیہ ،عرشی،امشا،مریم،ثنائ،ریان،کلیم،عبد الرحمن،وارث،ایمن،مہک،صوفیہ،محمد انس،عبد السبحان،عبد الاحد،شاہ ذیب،عبد اللہ ،محمد عظیم،ارحم،سعد اور غزالہ وغیرہ نے شرکت کی ۔اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں طلبہ وطالبات نے علاوہ تدریسی عملہ نے نہایت اہم کردار ادا کیا ۔
