17 ستمبر کو یوم آزادی تلنگانہ نہیں یوم قومی یکجہتی منانے کا مطالبہ

تازہ خبر تلنگانہ
16؍ستمبر میر عالم عیدگاہ سے تیگل کنٹہ تک ریالی اور جلسہ عام کا اعلان 
 چیف منسٹر کے سی آراورمرکزی وزیر داخلہ  امیت شاہ کو اسد اویسی کا مکتوب
حیدرآباد۔3؍ستمبر
 (زین نیوز) 
صدر مجلس  اسد الدین اویسی ایم پی نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ اور چیف منسٹر کے چندر شیکھر را ؤکے موسومہ مکتب میں 17 ستمبر کوجس دن سابق حیدرآباد ریاست کو ہندوستان میں ضم کیا گیا تھا’’یوم قومی یکجہتی ‘‘ کے طور پرمنانے کی درخواست کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ’’یہ تاریخ ان علاقوں کے عوام کیلئے بالواسطہ نوآبادیاتی اور جاگیردارانہ حکمرانی کے خاتمہ کی نشاندہی کرتی ہے۔ یہ دن برطانوی استعمار کے ساتھ ساتھ نظام کی جاگیردارانہ مطلق العنان حکمرانی کے خلاف سابق ریاست حیدرآباد کے لوگوں کی جدوجہد کا جشن ہونا چاہیے ناکہ یوم آزادی تلنگانہ کے طور پر منایا جائے۔

انہوں نے مکتوب میں کہاکہ 17 ستمبر کو باضابطہ طور پر حیدرآباد لبریشن ڈے کے طور پر منانے کا منصوبہ مرکز میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے پس منظر میں اہمیت کا حامل ہے۔1857 کی جنگ آزادی میں مولوی علاالدین اور ترے باز خان جیسے مسلم آزادی پسندوں اور شہید صحافی شعیب اللہ خان کی مثالیں دیتے ہوئے اسد الدین اویسی نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات کو تسلیم کرنا چاہیے کہ ان سرزمین کے لوگوں نے(بالواسطہ)برطانوی راج کے خلاف طویل جدوجہد کی تھی۔
 انہوں نے یاد کیا کہ علاالدین اور شعیب اللہ خان نے انگریزوں کے ساتھ ساتھ نظام کے سپاہیوں کے خلاف بھی جنگ لڑی تھی۔ صحافی کو حیدرآباد کے یونین آف انڈیا میں انضمام کی وکالت کرنے پر قتل کر دیا گیا۔انہوں نے یہ بھی ذکر کیا کہ سابق ریاست حیدرآبادکے عام ہندو اور مسلمان ایک جمہوری، سیکولر اور ریپبلکن حکومت کے تحت متحدہ ہندوستان کے حامی تھے اور اس کی عکاسی سندرلال کمیٹی کی رپورٹ میں ہوئی ہے۔
’’کمیٹی کو حکومت ہند نے حیدرآباد کے انضمام کے بعد کی صورتحال پر رپورٹ کرنے کے لئے مقرر کیا تھا۔ کمیٹی نے یہ بھی پایا کہ ان خطوں میں رہنے والے عام مسلمانوں کے خلاف بڑے پیمانے پر تشدد کیا گیا۔ صدرمجلس نے مطالبہ کیا کہ کوٹی کے ویمنس کالج میں ایک مناسب جشن کا اہتمام کیا جائے جو کہ برطانوی ریذیڈنسی تھی۔

ہفتہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر دارالسلام میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ ان کی پارٹی نوجوان نسلوں کو جاننا چاہتی ہے کہ انگریزوں کے خلاف جدوجہد میں کچھ لوگوں نے کس طرح اہم کردار ادا کیا ہے اور مزید کہا کہ 16 ستمبر کو ایک ریلی نکالی جائے گی۔ میر عالم عیدگاہ سے تیگل کنٹہ تک جہاں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا۔