دارالعلوم دیوبند کی مجلس شوریٰ کا تین روزہ اجلاس بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کے ساتھ اختتام پذیر
دیوبند، 14؍ ستمبر
(رضوان سلمانی)اسلامی تعلیم کے مرکزی ادارہ دارالعلوم دیوبند کی تین روزہ مجلس شوریٰ میں جہاں جمعیۃ علمائے ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کو شوریٰ کا رکن منتخب کیا گیا ہے، وہیں اس مرتبہ بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے۔ بجٹ میں آٹھ کروڑ سے زائد اضافے کا بڑا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی میٹنگ اختتام پذیر ہو گئی۔
قابل ذکر ہے کہ دارالعلوم دیوبند کے گیسٹ ہاؤس میں پیر کے روز سے ادارے کی سپریم پاور مجلس شوریٰ کا تین روزہ اجلاس جاری تھا۔ منگل کی شام جہاں جمعیۃ علماء ہند کے سربراہ مولانا سید محمود مدنی کو متفقہ طور پر 21ویں رکن شوریٰ کے طور پر منتخب کیا گیا، وہیں بدھ کی صبح بڑھتی ہوئی مہنگائی کی سبب سے ادارے کے بجٹ میں 8 کروڑ 5 لاکھ 80 ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کووڈ کی وجہ سے ماضی میں بجٹ میں نمایاں کمی ہوئی تھی اور ادارے کے ملازمین کی تنخواہوں میں کوئی خاص اضافہ نہیں کیا گیا تھا، حالانکہ نئے گریڈ بندی عمل میں آئی تھی، اس کے ساتھ ہی مہنگائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ جس کی وجہ سے بجٹ میں خاطر خواہ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اب ادارہ کا سالانہ بجٹ 35 کروڑ 48 لاکھ سے بڑھ کر 43 کروڑ 53 لاکھ 80 ہزار ہو گیا ہے۔
بجٹ میں اضافے کی تصدیق مالیگاؤں سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کیایم ایل اے اور رکن شوریٰ مولانا مفتی اسماعیل قاسمی نے کی ہے۔ 18 ستمبر کو دارالعلوم مدارس کے سروے کے حوالے سے منعقد ہونے والے اجلاس میں اپنا موقف واضح کرے گا، جب کہ نومبر میں کل ہند رابطہ مدارس اسلامیہ کا جلسہ بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ادھر ذرائع کے مطابق دارالاقامہ کے ناظم مولانا منیر الدین نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جلد ہی نئے ناظم دارالاقامہ کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ مولانا سید محمود مدنی کو شوریٰ کے ممبر نامزد کیے جانے پر جمعیۃ علماء ہند کے ساتھ علمی حلقوں میں خوشی کا ماحول ہے اور مسلسل سوشل میڈیا پر ان کو مبارکباد دی جا رہی ہے۔ اجلاس میں مولانا حکیم کلیم اللہ علی گڑھی، مولانا رحمت اللہ کشمیری، مولانا بدرالدین اجمل، مولانا غلام محمد وستانوی، مولانا عبدالعلیم فاروقی، مولانا عاقل سہارنپوری، مولانا عاقل گڑھی دولت، مفتی شفیق بنگلوری، مولاناحبیب باندوی، مولانا انور الرحمن بجنوری، ماسٹر انظر حسین میاں دیوبندی، صدرالمدرسین مولانا سید ارشد مدنی اور مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی شامل رہے۔
دوسری جانب مولانا محمود مدنی کو شوریٰ کا رکن منتخب ہونے پر مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی، جمعیۃ علماء ہند کے ضلع صدر مولانا ظہور احمد قاسمی، مدنی ٹور اینڈ ٹریولس کے ڈائریکٹر عمیر احمد عثمانی ، سلیم عثمانی، جامعہ مسجد گوجر واڑہ کے امام قاری زبیر احمد قاسمی، جمعیۃ علمائے ہند کی مجلس منتظمہ رکن مولانا شمشیرقاسمی، مفتی عارف مظاہری، عید گاہ وقف کمیٹی کے سیکریٹری محمد انس صدیقی، مولانا ابراہیم قاسمی، مفتی ذاکر قاسمی وغیرہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مبارکباد پیش کی اور شوریٰ کے انتخاب کو قابل تعریف بتایا