جامعہ طبیہ دیوبند میں بھارتیہ مودی آرمی کی جانب سے وزیر اعظم کا یوم پیدائش کا اہتمام
دیوبند:۔ 18؍ ستمبر
(رضوان سلمانی) بھارتیہ مودی آرمی کی جانب سے دیوبندمیں 50ویں ترنگا یاترا دیوبند پہنچنے پر بھارتیہ مودی آرمی کے قومی صدر ڈاکٹر راجیوآہوجہ کا استقبال ڈاکٹر عثمان مسعود رمزی ، مرتضیٰ قریشی وغیرہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بھارتیہ مودی آرمی کارکنان کی جانب سے ارد و گیٹ سے جامعہ طبیہ میڈیکل کالج تک ترنگا یاترا نکالی گئی ۔
جامعہ طبیہ کالج میں ترنگا یاترا کے پہنچنے پر ادارہ کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے ان کا استقبال کیا۔ ادارہ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں وزیر اعظم ہند نریندر مودی کے کارناموں کو لوگوں کے سامنے اُجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر جامعہ طبیہ دیوبند کے سکریٹری ڈاکٹر انور سعید نے وزیر اعظم نریندر مودی کی یوم پیدائش پر انہیں مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کیں۔
انہو ںنے کہا کہ میری خواہش ہے کہ بے مثال محنت ، لگن اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی تعمیر کی مہم آپ کی قیادت میں آگے بڑھتی رہے ۔ انہو ںنے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی ایک محفوظ ، مضبوط اور خود کفیل نئے ہندوستان بنانے کے لئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں ۔ انہو ں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کروڑوں غریبوں کو ان کا حق دے کر ان میں امید اور یقین کا جذبہ پیدا کیا۔ ڈاکٹر انور سعید نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے جو اسکیمیں چلائی جارہی ہیںاس سے مستحق عوام فائدہ حاصل کررہے ہیں۔
ڈاکٹر انور سعید نے کہا کہ ان کے دور میں طب یونانی کو جو فروغ ملا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر قومی صدر ڈاکٹر راجیو آہوجہ نے بتایا کہ آج ہماری یہ 50ویں ترنگا یاترا ہے اور اس کا انعقاد ڈاکٹر عثمان مسعود رمزی کی قیادت میں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے ملک میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت برسراقتدار آئی ہے اسی وقت سے ملک نے بڑی ترقی کی ہے۔ انہوںنے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سب کا ساتھ سب کا وکاس کے تحت کام کررہے ہیں۔
ان کے دورِاقتدار میں سبھی کو فائدہ پہنچ رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے عوام کے مفاد کے لئے جو اسکیمیں شروع کی ہوئی ہیں اس سے ملک کے سبھی طبقات فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ آج ہمارا ملک دنیا میں نمبر ون پوزیشن پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوگ یہاں پر ہندو مسلم اتحاد اور بھائی چارہ کا پیغام دینے آئے ہیں ، یہ ملک جب ہی ترقی کرسکتا ہے اس میں بسنے والے سبھی طبقات کے افراد مل جل کر پیار ومحبت سے رہیں ۔ انہوںنے کہا کہ نریندر مودی کے 72 سال پورے ہونے پر ان کی یوم پیدائش منانے کے لئے ہم آج یہاں جمع ہیں ۔ اس موقع پر جن لوگوں نے اپنے اپنے میدان میں ہندوستان کا نام روشن کیا ہے انہیں مودی رتن ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس دوران کیک کاٹ کر لوگوں نے خوشی کا اظہار کیا۔