دیوبند، 20؍ ستمبر
(رضوان سلمانی) آنے والے تہواروں کے پیش نظر ریلوے اسٹیشن پر سیکورٹی کے انتظامات چاق وچوبند کردیئے گئے ہیں، ریلوے اسٹیشن پر لگی بیگ اسکینر مشین کے ذریعہ ایک نوجوان کے بیگ سے طمنچہ برآمد ہوا۔ جی آر پی نے نوجوان کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ قائم کرلیا ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق سہارنپور ریلوے اسٹیشن پر ٹکٹ کائونٹر کے برابر میں بیگ اسکینر مشین نصب ہے۔
اس مشین کے ذریعہ مسافروں کے بیگ کو اسکین کیا جاتا ہے تاکہ معلوم ہوسکے کہ بیگ میں کوئی مشتبہ چیز تو نہیں ہے ۔ صبح ریلوے اسٹیشن پر آنے جانے والے مسافروں کے بیگ کی اسکینر مشین سے چیکنگ کی جارہی تھی ، اسی دوران ایک نوجوان کے بیگ کو اسکین کیا گیا تو اس میں پسٹل کی طرح نوکیلی چیز کمپیوٹر میں نظرآئی ، شک ہونے پر وہاں پر تعینات ریلوے پولیس فورس کے جوان نے نوجوان کے بیگ کی تلاشی لی ، جس میں نوجوان کے بیگ سے طمنچہ برآمد ہوا۔
جس کے بعد آر پی ایف جوان نے اپنے اعلیٰ افسران کو اس کی اطلاع دی تو افراتفری مچ گئی ، فوراً آر پی ایف نے نوجوان کو گرفتار کرتے ہوئے اسے جی آرپی کے حوالے کردیا ۔ جی آرپی کے ذریعہ معلومات کرنے پر نوجوان نے اپنا نام سنی مشرا ولد ہری ہر مشرا ساکن دھروہر رام نگر ضلع ایودھیا بتایا ۔ نوجوان کے خلاف جی آرپی پولیس نے مقدمہ قائم کرلیا ہے۔
جی آرپی تھانہ انچارج پریتا سنگھ نے بتایا کہ آر پی ایف نے اس نوجوان کو گرفتارکرکے ہمارے سپرد کیا تھا، اس کے خلاف مقدمہ قائم کرلیا گیا ہے اورمزید پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ انہوںنے بتایا کہ تہواروں کے پیش نظر پولیس مستعد ہوگئی ہے ، ریلوے اسٹیشن سے لے کر ٹرینوں تک میں سیکورٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے ، ہر مسافر پر نظر رکھی جارہی ہے ،
آر پی ایف انسپکٹر موہت تیاگی نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن پر بیگ اسکین مشین سے آنے اور جانے والے مسافروں کے بیگوں کی تلاشی لی جارہی ہے ، اس کے ساتھ ہی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی نگرانی کی جارہی ہے۔ اسٹیشن پر آنے والی ہر ٹرین میں چیکنگ کی جارہی ہے تاکہ کسی قسم کا کوئی حادثہ رونما نہ ہوسکے۔