TS-Assembly

تلنگانہ کو سرمایہ جاتی اخراجات کے لئے اضافی طور پر 179 کروڑ روپئے منظور

تازہ خبر قومی

نئی دہلی: 30 جنوری
نمائندہ خصوصی
مرکزی وزارت خزانہ کے محکمہ اخراجات نے تلنگانہ کے لیے 179 کروڑ روپے کی اضافی رقم کے سرمایہ جاتی منصوبوں کو منظوری دے دی ہے۔ یہ رقم اس سے پہلے ریاست کے لیے منظور شدہ 179 کروڑ روپے کے سرمایہ جاتی منصوبوں کے علاوہ ہے۔ ریاست میں اضافی منصوبوں کو شہریوں پر مرکوز چارمقررہ شعبوں میں سے تین میں یعنی ون نیشن ون راشن کارڈ ، کاروبار کرنے کی آسانی ، اور شہری بلدیاتی اداروں میں اصلاحات کرنے کے لیے مراعات کے طور پر منظور کیا گیا ہے ۔ ان منصوبوں کو "سرمایہ جاتی منصوبوں کے لئے ریاستوں کو مالی اعانت” کی نئی اسکیم کے تحت منظور کیا گیا ہے۔تلنگانہ اس اسکیم کے تحت اضافی رقم وصول کرنے والی دوسری ریاست بن گئی ہے۔ اس سے قبل مدھیہ پردیش میں چار مقررہ شعبوں میں سے تین میں اصلاحات کرنے کے لئےمراعات کے طور پر 660 کروڑ روپے کے اضافی سرمایہ جاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی تھی۔ اصلاحات شروع کرنے کے لئے حکومت ہند کے ذریعہ شناخت کیے جانے والے شہریوں پر مرکوز شعبوں میں ون نیشن ون راشن کارڈ راصلاحات ، کاروبار کرنے کی آسانی سے متعلق اصلاحات ، بجلی کے شعبہ میں اصلاحات اور شہری بلدیاتی اداروں میں ریاستوں کے ذریعہ کیے گئے اصلاحات شامل ہیں۔1979 کروڑ روپئے کی اضافی منظور شدہ رقم میں سے 989.50 کروڑ روپئے کی رقم ریاست کو پہلی قسط کے طور پر جاری کردی گئی ہے۔ تلنگانہ کی ریاستی حکومت کے ذریعہ جن سرمایہ جاتی منصوبوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان پر عملدر آمد اضافی فنڈسے کیا جائے گا،ان تمام منصوبوں کا تعلق سڑک کے شعبہ سے ہے۔وزیر خزانہ نے 12 اکتوبر ، 2020 کو خو انحصار ہندوستان پیکیج کے طور پر "سرمایہ جاتی اخراجات کے لئے ریاستوں کی خصوصی معاونت کی اسکیم کا اعلان کیا تھا۔اس اسکیم کا مقصد ریاستی حکومتوں کے ذریعہ سرمایہ جاتی اخراجات کو بڑھانا ہے جو اس سال کووڈ 19 وبائی مرض کے باعث محصولات میں کمی کے پیش نظر مشکل مالی صورتحال کا سامنا کررہے ہیں۔ سرمایہ جاتی اخراجات کا ایک زبردست ہمہ جہت اثر پڑتا ہے ، جس سے معیشت کی مستقبل کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے ، اور اس کے نتیجے میں اقتصادی ترقی کی شرح میں اضافہ ہوتا ہے۔ لہذا ، مرکزی حکومت کی منفی مالی حیثیت کے باوجود مالی سال 21-2020 میں سرمایہ جاتی اخراجات کے سلسلے میں ریاستی حکومتوں کو خصوصی مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ریاستی حکومتوں کی طرف سے اس اسکیم کا گرمجوشی سے استقبال کیا گیا ہے۔ اب تک 27 ریاستوں کے 10835.50 کروڑ روپئے کے سرمایہ جاتی اخراجات کی تجاویز کو وزارت خزانہ نے منظوری دی ہے۔ اس اسکیم کے تحت ریاستوں کو 5417.70 کروڑ کی رقم پہلی قسط کے طور پر پہلے ہی جاری کردی گئی ہے۔ ریاست وار اختصاص ، منظوری اور جاری کردہ فنڈ کی تفصیلات منسلک کی جا رہی ہیں۔ تمل ناڈو نے اس اسکیم کا فائدہ نہیں اٹھایا ہے۔صحت ، دیہی ترقی ، پانی کی فراہمی ، سڑکیں اور پل ، آبپاشی ، بجلی ، ٹرانسپورٹ ، تعلیم ، شہری ترقی جیسے معیشت کے متنوع شعبوں میں سرمایہ جاتی اخراجات کے منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔