میانمار میں فوجی بغاوت۔پورے ملک پر فوج کا قبضہ

تازہ خبر عالمی

میانمار ۔یکم؍فروری
زین نیوز ڈیسک
آنگ سانگ سوچی اور صدر یو ون میئنٹ کو فوج نے حراست میں لیتے ہوئے نظر بند کردیا ہےاورمیانمار کا کنٹرول اپنے قبضے میں لے لیا ہےمقامی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فوج نےمیانمار میں تختہ پلٹتے ہوئےکنٹرول اپنے قبضے میں کرلیا ہے اور ایک برس کے لیے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے اور سابق جنرل اور نائب صدر ٹکسال سویٹ کو ایگزیکٹو صدر مقرر کیا گیا ہے۔ حکمران جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی (این ایل ڈی) کے ترجمان میو نیونٹ نے کہا ہے کہ پیر کی صبح چھاپے ماری کی کارروائیوں کے بعد آنگ سانگ سوچی اور صدر یو ون میئنٹ کو فوج نے حراست میں لے لیا۔ آنگ سانگ سوچی کو انتخابات میں گڑبڑی کے الزام میں حراست میں لیکر نظر بند کیا گیا ہے۔فوج نے ملک میں فوجی تختہ پلٹ کی خبروں سے پہلے انکار کیا تھا ۔ بتادیں کہ کچھ مغربی سفارت کاروں نے میانمار میں تختہ پلٹ کا اندیشہ ظاہر کیا تھا ۔ حالانکہ بعد میں میانمار کی فوج نے بیان جاری کرکے کہا تھا کہ اس کے کمانڈر ان چیف سینئر جنرل من آن لائنگ کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے ۔ دراصل پارلیمنٹ سیشن سے پہلے ہی فوج نے وارننگ دی تھی کہ الیکشن کے دوران ووٹوں کی گڑبڑی پر کارروائی نہیں کی گئی تو وہ ایکشن لے سکتی ہے ۔ تاہم ایک عینی شاہد نے بتایا کہ یانگون شہر میں ہر جگہ فوج تعینات کردی گئی ہے، وہیں سرکاری ٹی وی سے نشریہ میں کہا ہے کہ وہ تکنیکی وجوہات کی بناء پر خبر نشر کرنے سے قاصر ہے۔