اُردو یونیورسٹی میں خون کا عطیہ کیمپ کا انعقاد

تازہ خبر تلنگانہ
حیدرآباد:۔ 10 نومبر
 (پریس نوٹ) 
مولانا آزاد نیشنل اُردو یونیورسٹی میں یوم آزاد تقاریب کا سلسلہ جاری ہے۔ آج یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر میں سریکارا بلڈ بینک اور وکٹوریہ ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے خون کا عطیہ کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا۔
 پروفیسر سید عین الحسن، وائس چانسلر نے کیمپ کا افتتاح کرنے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی بڑی تعداد خون کے عطیہ کے لیے آگے آرہی ہے۔ طلبہ کو اس طرح سماجی بہبود کے کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہوئے دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہو رہی ہے۔
 یہ ایک ثواب کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی ہیلتھ سنٹر میں تاحال 10 بستر (بیڈ) دستیاب ہیں۔ لڑکیوں کے ہاسٹل میں بھی کچھ بستر اسی مقصد سے لگائے گئے ہیں۔ اس میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ سریکارا کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر اومکار کیمپ کے نگران تھے۔ وکٹوریہ ویلفیئر سوسائٹی سے جناب عادل خان نے بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر ایم قطب الدین انصاری، کنسلٹنٹ ہیلتھ سنٹر نے خون کے عطیہ سے ہونے والے فوائد کا تذکرہ کیا۔ پرفیسر محمد فریاد، چیئرمین، سوشل ریسپانسبلٹی اینڈ ایکسٹنشن ایکٹوٹیز نے طلبہ کے جوش و خروش کی ستائش کی۔
 انہوں نے خون کے عطیہ کے لیے شعور بیداری مہم کا ذکر کیا۔ اس مہم میں این ایس ایس والینٹرس اور این سی سی کیڈٹس نے کیمپس میں ریلی نکالتے ہوئے طلبہ، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ میں خون کے عطیہ تئیں بیداری پیدا کی۔
 جناب بی بکشاپتی، پروگرام آفیسر این ایس ایس نے شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر پروفیسر شکیل احمد، ڈاکٹر علیم الدین، ڈاکٹر اقبال خان، جناب معراج احمد، ڈاکٹر عدنان بسم اللہ، ڈاکٹر دانش خان، ڈاکٹر حمیرہ اور ہیلتھ سنٹر کے اراکین اسٹاف موجود تھے۔