مڈ ڈے میل پر آئی پریشانی 14ماہ سے نہیں ملا پیسہ 

تازہ خبر قومی
اساتذہ جیب سے پیسہ خرچ کرکے بچوں کو کھلارہے ہیں پھل 
دیوبند، 13؍ نومبر
(رضوان سلمانی)
ضلع سہارنپور میں مڈ ڈے میل اسکیم مالی پریشانی کا خمیازہ اساتذہ کو بھگتنا پڑرہا ہے۔ دیہات میں اساتذہ کے ذریعہ اس اسکیم پر خرچ کی جارہی رقم محکمہ کی جانب سے پوری طرح سے نہیں مل پارہی ہے ۔ بہت سے مقامات پر اساتذہ کو خرچ کے مقابلہ میں 30سے 40فیصدی کم ادائیگی ہورہی ہے ۔
 ایسی صورت میں اساتذہ جن دوکانداروں سے راشن لیتے ہیں وہاں ہزاروں روپے کی دین داری ہوگئی ہے ، خاص بات یہ ہے کہ بچو ںکو ضروری طور سے لئے جانے والے پھلوں کی رقم گزشتہ 14ماہ سے نہیں آئی ہے ۔ اساتذہ اپنی جیب سے پھل خرید کر بچوں کو مہیا کرا رہے ہیں ۔ مڈ ڈے میل اسکیم بیسک شکشا پریشد کے ذریعہ چلائی جاتی ہے ۔
 پرائمری اور جونیئر ہائی اسکولوں میں یہ اسکیم لاگو ہے جہاں آٹھویں کلاس تک کے طلبہ وطالبات کو کھانا دیا جاتا ہے، شہری علاقوں کے اسکولوں میں این جی او کے ذریعہ سے تیار کھانے کی سپلائی کی جاتی ہے ، جب کہ دیہی علاقوں کے اسکولوں میں راشن کی خریداری کرکے رسوئی ماتا کے ذریعہ وہیں پر کھانا تیار کیا جاتا ہے ۔
 مڈ ڈے میل کے لئے اسکولوں میں گائوں پردھان اور ہیڈ ماسٹر کا مشترکہ بینک اکائونٹ رہتا ہے جس میں مڈ ڈے میل کے خرچ کا پیسہ آتا ہے لیکن گزشتہ کئی ماہ سے یہ پیسہ خرچ کے مقابلہ میں 30سے 40فیصد کم آرہا ہے۔ جس کی وجہ سے سبھی طلبہ وطالبات کو مینو کے حساب سے کھانا مہیا کرانے میں اساتذہ کو اپنی جیب سے پیسہ خرچ کرنا یا پھر اُدھار راشن لے کر اس اسکیم کو آگے بڑھانا پڑ رہا ہے۔
کئی اساتذہ کی دوکانداروں کی 50ہزار سے ایک لاکھ روپے تک کی دین داری ہوگئی ہے ، اتنا ہی نہیں پیر اور منگل میں طلبہ وطالبات کو پھل دینا بھی ضروری ہے لیکن گزشتہ اگست 2021سے پھلوں کا پیسہ اساتذہ کو نہیں مل رہا ہے ۔
 اگر اساتذہ طلبہ وطالبات کو پھل مہیا نہیں کراتے تو افسران کارروائی کاانتباہ دیتے ہیں، ایسے میں اساتذہ اپنی جیب سے پیسہ خرچ کرکے پھل مہیا کرارہے ہیں ۔ وشسٹ بی ٹی سی شکشک ویلفیئر ایسوسی ایشن کے ضلع صدر راج کمارچودھری نے بتایا کہ مڈ ڈے میل کا پورا پیسہ اکائونٹ میں نہیں آرہا ہے جس کی وجہ سے طلبہ وطالبات کو کھانا مہیا کرانے میں اساتذہ کو پریشانی ہورہی ہے ۔
 اترپردیش پراتھمک شکشک سنگھ کے ضلع صدر سندیپ سنگھ پنوار نے بتایاکہ مڈ ڈے میل کا پیسہ اگست 2021نہیں ملا ہے ، اساتذہ اپنی جیب سے بچو ںکو پھل مہیا کرا رہے ہیں۔ بہت اسکولوں میں مڈ ڈے میل کا پیسہ بھی 30سے 40فیصد کم مل رہا ہے۔
پراتھمک شکش سنگھ کے ضلع جنرل سکریٹری ڈاکٹر سنجے شرما کا کہنا ہے کہ طلبہ وطالبات کو ہفتہ میں دو روز پھل دیا جانا ضروری ہے ، لیکن پھل کا پیسہ کئی ماہ سے نہیں آیا ہے جس سے پریشانی ہورہی ہے۔ اس سلسلہ میں بی ایس اے امریش کمار کاکہنا تھاکہ یہ بات صحیح ہے کہ مڈ ڈے میل کے لئے ملنے والی رقم پوری نہیں مل پا رہی ہے ۔
 لیکن جتنی بھی رقم حکومت کی جانب سے آرہی ہے ، یا اکائونٹ میں بھیجا جارہا ہے، اس کے علاوہ پھلوں کے لئے گزشتہ دو سال سے رقم نہیں مل رہی ہے ، ڈیمانڈ بھیجی گئی ہے جیسے ہی رقم ملے گی بھیج دی جائے گی۔ واضح ہو کہ ضلع سہارنپور میں 1438اسکولوں میں 2 لاکھ20ہزار طلبہ وطالبات تعلیم حاصل کررہے ہیں ، یہ سبھی مڈ ڈے میل کے حق دار ہیں ۔