طلباء ہمارے پاس امانت ہیں، ان کی عقائد کی درستگی ہماری ذمہ داری ہے : شاہ عالم گورکھپوری
دیوبند:۔ 2؍ دسمبر
(رضوان سلمانی)مدرسہ فیض العلوم مرزاپور پول میں دارالحدیث کے وسیع ہال میں ’’بیس رکعات تراویح ‘‘کے عنوان پر ایک مجلس مناظرہ کاانعقاد کیاگیا،جس میں مدرسہ کے علیادرجات کے طلبا ء کے علاوہ اساتذہ اورعلاقہ کے ذمہ داران حضرات نے شرکت کی۔
شرکاء مناظرہ طلبہ نے اپنی اپنی علمی لیاقت کے حساب سے سوالات وجوابات مع دلائل کے پیش کیے، مجلس مناظرہ کا آغازمدرسہ ہٰذا کے طالب علم عبدالمالک کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، مجلس مناظرہ کی سرپرستی مولانامفتی سمیع الدین استاذ حدیث دارالعلوم (وقف)دیوبند نے کی ۔
مولانا شاہ عالم (نگراں شعبہ تحفظ ختم نبوت دارالعلوم دیوبند)فیصل کے طور پر حکمِ مناظرہ رہے۔ مولانا عبدالخالق مظاہری مدرس مدرسہ ہٰذانے مدرسہ میں مجلس ِمناظرہ کے قیام و کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے بتلایاکہ ہمارے مشفق ومربی مولانا سعید احمد نور اللہ مرقدہ ٗسابق
ناظم مدرسہ ہذا نے سالوں پہلے شعبہ مناظرہ کی ابتدا کر کے طلبا کو صحیح عقائد کے مطابق علمی معلومات کو آگے بڑھانے کا موقع فراہم کرایا تھا،تاکہ طلباکوموجودہ اور آئندہ آنے والے فتنوں کے سدباب کے لئے تیار کیا جاتا رہے، جو کہ اپنے قیام سے اب تک تسلسل واہتمام کے ساتھ اپنے مقصد کی طرف رواں دواں ہے۔
علاوہ ازیں پروگرام میں24نومبرکوانڈیااسلامک کلچر ل سینٹرلودھی روڑ دہلی میں منعقد ہوئے کل ہند مسابقۃالقرآن الکریم میں سوم پوزیشن لانے والے مدرسہ ہٰذاکے شعبہ تجویدوقرأت کے طالب علم عزیزم محمدعبیداللہ ابن حافظ محمداسرارکامہمانوں اورذمہ داران واساتذہ مدرسہ کے ہاتھوں دستار باندھ کراعزاز کیاگیا۔
پوزیشن لانے والے طالب علم اوراستاذ قاری محمداطہر کو الحاج قاری فیضان سرور مظاہری ناظم مدرسہ ہٰذا کے ہاتھوں بطور حوصلہ افزائی نقدانعام سے بھی نوازاگیا۔ واضح ہوکہ اس طالب علم نے آل انڈیامسابقہ میں پوزیشن لاکر اساتذہ ومدرسہ کی نیک نامی کاذریعہ بننے کیساتھ منجانب انتظامیہ مسابقہ حرمین شریفین (عمرہ)کی زیارت کاشرف بھی حاصل کرے گا۔
اخیر میں مناظرہ کے حکم اور فیصل مولانا شاہ عالم کا خطاب ہوا، جس میں مولانا نے اپنے اپنے عقائد کو محفوظ رکھنے پر زور دیا، اور کہا کہ یہ طلباء ہمارے پاس امانت ہیں،
ان کو کامیاب بنانے کے لیے قربانیاں دینا ان کو ہر فن میں ماہر کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،ناظم مدرسہ الحاج قاری فیضان سرورمظاہری نے تشریف لانے والے تمام مہمانوں کاشکریہ اداکرتے ہوئے مناظرہ میں شریک ہونے والے تمام مساہمین کو نقد انعامات دے کر حوصلہ افزائی کی،
اور کہا کہ ان شاء اللہ یہی نونہال بچے اپنی زندگی کو سنوار کر ملت اسلامیہ کی خدمت کریں گے۔انہوں نے طلبا،اساتذہ کی محنتوں کوخوب سراہا۔سرپرست ِمجلس کی قیمتی نصیحتوں ودعاء کے ساتھ مجلس کااختتام ہوا۔مجلس میں بطور خاص مولانا محمد طیب قاسمی نگراں تعلیمات، مفتی محمد افضال، مولانا محمد برہان، مولانا محمد عارف، مفتی عبدالواجد، مولانا محمد عابد ، مولانامحمدساجد،مولاناشمشاد۔