اس سے ریاست کا ماحول خراب ہوگا،ممتا بنرجی
کولکاتا :۔8؍مئی
(زین نیوز ڈیسک)
فلم دی کیرالہ سٹوری پر مغربی بنگال میں پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ اگر فلم کی نمائش کی گئی تو ریاست کا امن و امان درہم برہم ہو سکتا ہے۔ انہوں نے چیف سیکریٹری کو دیے گئے حکم نامے میں کہا ہے کہ اگر کوئی حکم کی خلاف ورزی کرتا ہوا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
حکومت کی طرف سے جاری کردہ حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگر کسی تھیٹر میں کوئی فلم چل رہی ہے تو اسے فوری طور پر ہٹا دیا جائے۔
ممتا بنرجی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ انہیں خدشہ ہے کہ کشمیر فائلز اور دی کیرالہ اسٹوری کے بعد اب بنگال فائلز بنانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ بی جے پی اس کو فنڈ دے رہی ہے۔
ممتا نے کہاکہ پہلے کشمیر کے لوگوں کی توہین کی، اب کیرالہ کے لوگوں کی کر رہی ہے۔ممتا بنرجی نے پیر کو پریس کانفرنس میں کہاکہ کیرالہ کے بعد اب بنگال کو نشانہ بنایا جائے گا۔
مجھے معلوم ہوا کہ بنگال کی فائلیں بھی تیار ہو رہی ہیں۔ میں کیرالہ کے وزیر اعلیٰ سے بات کروں گی اور انہیں بتاؤں گی کہ سی پی ایم کے کچھ لوگ بھی بی جے پی کے ساتھ ملی بھگت میں ہیں
اس فلم میں حقائق سے چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔ اگر بنگال میں یہ فلم چلتی رہی تو ریاست کا فرقہ وارانہ ماحول مزید بگڑ سکتا ہے۔ ان لوگوں نے پہلے کشمیر کے لوگوں کی توہین کی اور اب یہ کیرالہ کے لوگوں کی توہین کر رہے ہیں۔
پروڈیوسر نے کہاکہ بنگال حکومت کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے.دی کیرالہ اسٹوری کے پروڈیوسر وپل امرت لال شاہ نے فلم پر پابندی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ریاستی حکومتوں نے ہماری بات نہیں سنی تو ہم قانونی کارروائی کریں گے۔
وپل شاہ نے تمل ناڈو کے تھیٹر مالکان پر بھی اپنا غصہ ظاہر کیا جنہوں نے فلم کی نمائش روک دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تمل ناڈو میں ایک شخص نے دھمکی دے کر اس فلم کی ریلیز روک دی۔ میں وہاں کی ڈی ایم کے اور کانگریس حکومت سے درخواست کروں گا کہ اس پر جلد از جلد ایکشن لیں اور اس فلم کو ریلیز کریں۔
