عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے پر 200 روپے جرمانہ

تازہ خبر قومی

ممبئی۔19؍فروری
نمائندہ خصوصی
ممبئی براہمومبائی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے جمعرات کوکورونا وائرس سے متعلق نئے رہنما خطوط جاری کرتے ہوئے متنبہ کیا ہے کہ عوامی مقامات پر ماسک پہنے بغیر پکڑے جانے والے افراد کو موقع پرہی جرمانہ کے طور پر دوسو روپے ادا کرنا پڑے گا۔بی ایم سی نے نئے رہنما خطوط جاری کیں کیونکہ ممبئی شہر اور ریاست بھر میں کووڈ۔19 کے کیسز میں اضافہ ہورہا ہے۔بی ایم سی کی طرف سے جاری کردہ نئے رہنما خطوط کے مطابق مقامی ٹرینوں سمیت عوامی ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران ماسک ضروری ہے۔ لوگوں کے لئے کسی بھی دفتر، ورک سائٹ، کام کی جگہ پر ماسک پہننا لازمی ہے۔بی ایم سی کے نئے رہنما خطوط کے مطابق کوئی بھی افسر، عملہ ماسک پہنے بغیر کسی بھی سرکاری و غیرسرکاری دفاتر میں داخل نہیں ہوسکتا۔ میونسپل کمشنر کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کورونا وبائی مرض پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات کریں۔نئے احکامات کے تحت جاری کردہ ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’مشن بیگن اگین‘ کے آغاز کے بعدکئی شہری اپنے گھروں سے نکل رہے ہیں اور بغیر کسی ماسک پہنے عوامی مقامات پر گھوم رہے ہیں، جو نہ صرف ان کی اپنی حفاظت کے لیے غیر محفوظ ہے بلکہ ان ساتھی شہریوں کے لئے بھی مضر رساں ہے ۔ جو ان کے رابطہ میں آرہے ہیں۔ مضافاتی علاقوں، ریلوے ٹرینوں سمیت دکانیں، دفاتر اور پبلک ٹرانسپورٹ کے مقام پر وائرس کے پھیلاؤ میں اضافے کا خدشہ ہے۔اس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایک تحقیق میں دیکھا گیا ہے کہ چہرے کا ماسک پہننے سے لازمی طور پر معاشرتی دوری کے اقدامات کے علاوہ، ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں آنے والے افراد کی طرف سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے۔وائرس کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لیے کسی بھی عوامی جگہ پر جانے سے قبل ماسک پہننا ضروری ہے۔مہاراشٹر کے اکولا اور امراوتی میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کے پیش نظر ایک نیا لاک ڈاؤن لگایا جاسکتا ہے۔اکولا میں گذشتہ تین دنوں میں کوروناوائرس کے 500 سے زیادہ کیس درج ہوئے ہیں، اس سے قبل روزانہ صرف 30 سے 35 کیس ہی رپورٹ ہورہے تھے۔جیسے جیسے کیسوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، امکان ہے کہ اس علاقے کے ضلعی مجسٹریٹ جلد ہی لاک ڈاؤن نافذ کرنے کا اعلان کردیں گے۔ادھر، امراوتی میں کورونا وائرس کا بحران بھی گہرا ہوگیا ہے، جبکہ گذشتہ تین دنوں میں 1400 سے زیادہ معاملات رپورٹ ہوئے ہیں۔