Telangana Minority Commsion

حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن نے محمد عمران لاپتہ کیس میں ڈی سی پی کو طلب کرلیا

تازہ خبر تلنگانہ
حیدرآباد: تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن نے محمد عمران لاپتہ کیس میں ڈی سی پی کو طلب کرلیا
حیدرآباد: ۔18؍اگست
(زین نیوز ڈیسک)
تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن نے ڈپٹی کمشنر آف پولیس سرور نگر کو ہدایت دی کہ وہ محمد عمران لاپتہ کیس کی تفصیلی رپورٹ کے ساتھ ذاتی طور پر اس کے سامنے پیش ہوں۔
یہ سمن سرو نگر کی ایک خاتون ممتاز بیگم کے الزام کے بعد جاری کیا گیا ہے کہ اس کے 21 سالہ بیٹے محمد عمران کو 5 اگست کی دیر رات سرو نگر کے لکشمن سنگھ نامی شخص کا فون آیا۔ کال کے دوران سنگھ عمران سے موٹر سائیکل کی مرمت کے معاملے پر بات کرنے کے لیے ان سے ملنے کو کہا۔ ممتاز بیگم نے دعویٰ کیا کہ عمران تب سے لاپتہ ہے، اور ان کا موبائل فون بند ہے۔
تلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن کو اس کی شکایت کے مطابق 7 اگست کواس نے سرو نگر پولس اسٹیشن سے رجوع کیا اور شکایت درج کروائی لیکن اسے پولیس کی طرف سے مثبت جواب نہیں ملا۔ 14 اگست کو اسے اخبارات کے ذریعے معلوم ہوا کہ اس کے بیٹے کو قتل کر دیا گیا ہے اور بعد میں اسے جلا دیا گیا ہے۔
اس شکایت کی بنیاد پرتلنگانہ ریاستی اقلیتی کمیشن نے انسپکٹر آف پولیس سرور نگر،اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس (اے سی پی)، سرور نگرڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی)، سرور نگر؛ اور رچہ کونڈہ پولیس کمشنر کوبطور جواب دہندگان طلب کیا ہےکمیشن نے ڈی سی پی کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ 21 اگست کو دوپہر ایک بجے اس کے سامنے ذاتی طور پر حاضر ہوں۔
پولیس کے مطابق 5 اگست کو عمران اپنے دوست سونو سنگھ سے ملنے باہر گیا، جب اس شخص نے اسے عمران کی موٹرسائیکل کی مرمت پر بات کرنے کے لیے بلایا جو حادثے کے دوران خراب ہوگئی تھی۔
کچھ دیر بعد عمران نے اپنے بھائی کو فون پر بلایا اور کہا کہ سونو سنگھ اور دیگر اس معاملے پر ہلچل مچا رہے ہیں۔ اس کے بھائی نے اسے گھر واپس آنے کو کہا۔ اس کے بعد اہل خانہ نے عمران سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن رابطہ نہ ہوسکا۔
7 اگست کو خاندان نے سرور نگر پولس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی اور گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے عمران کا سراغ لگانے کی کوشش شروع کر دی۔
پولیس نے بتایا کہ 5 اگست کو عمران، لکشمن سنگھ عرف سونو سنگھ اور پانچ دیگر افراد یعنی ارون کمار، شیکھر، شیام سندر، راہول اور ستیش کے ساتھ چیتنیا پوری پولیس اسٹیشن کی حدود میں ستھیا نگر گئے تھے۔ وہ موسیٰ ندی کے بیڈ کے قریب ایک سنسان جگہ پر پہنچے جہاں پیسوں کے معاملات پر بحث ہوئی۔
اس بحث پر عمران اور دیگر چھ افراد کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ تمام چھ افراد نے عمران کو تیز دھار ہتھیاروں کے وار کر کے موقع پر ہی قتل کر دیا۔ لاش کو مزید گھسیٹ کر ایک الگ تھلگ جگہ پر لے جایا گیا اور اس پر پیٹرول ڈال کر جلا دیا گیا۔ ایس ایچ او سرو نگر کے سرینواس نے بتایا کہ ملزمین نے راکھ کو موسی ندی میں پھینک دیا تھا۔
پولیس نے ارون کمار، شیکھر، شیام سندر، راہول اور ستیش کو پکڑ لیا جنہوں نے تفتیش میں عمران کو قتل کرنے کا اعتراف کیا۔ سونو سنگھ مفرور ہے۔ پانچوں افراد کو ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔