راجستھان میں قبائلی خاتون کی برہنہ پریڈ کروانے کا شرمناک واقعہ
مہذب معاشرے میں ایسے مجرموں کی کوئی جگہ نہیں۔ وزیر اعلی اشوک گہلوت
پرتاپ گڑھ:۔2؍ستمبر
(زین نیوز ڈیسک)
راجستھان کے پرتاپ گڑھ ضلع سے ایک ایسا واقعہ سامنے آیا ہے جو پورے ملک میں موضوع بحث بن گیا ہے۔ درحقیقت یہاں کے ایک گاؤں میں ایک چونکا دینے والے واقعے میں ایک قبائلی خاتون کو مبینہ طور پر برہنہ ہو کر پریڈ کرائی گئی۔
متاثرہ کے شوہر نے خاتون کو گاؤں والوں کے سامنے 1 کلومیٹر تک دوڑایا۔ واقعہ 31 اگست کا ہے۔ جمعہ کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ سامنے آیا۔اس معاملے پر وزیر اعلی اشوک گہلوت کا بیان بھی سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ پرتاپ گڑھ ضلع میں پریہار اور اس کے سسرال کے درمیان خاندانی جھگڑے کی وجہ سے سسرال والوں کی طرف سے ایک خاتون کو برہنہ کرنے کا ویڈیو منظر عام پر آیا ہے۔ شوہر نے خاتون کو گاؤں والوں کے سامنے 1 کلومیٹر تک دوڑایا۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اے ڈی جی کرائم کو موقع پر بھیجیں اور اس معاملے میں سخت ترین کارروائی کریں۔ مہذب معاشرے میں ایسے مجرموں کی کوئی جگہ نہیں۔
ان مجرموں کو جلد از جلد سلاخوں کے پیچھے ڈالا جائے گا اور فاسٹ ٹریک کورٹ میں مقدمہ چلایا جائے گا اور سزا دی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ خاتون کی شادی ڈیڑھ سال قبل اسی گاؤں کے ایک نوجوان سے ہوئی تھی۔
واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آگئی۔ چیف منسٹر اشوک گہلوت کی ہدایت پر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل امیش مشرا نے جمعہ کی رات ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس (کرائم) دنیش ایم این کو پرتاپ گڑھ بھیجا۔
دھاری واڑ کے اسٹیشن انچارج پشاور خان نے بتایا کہ جمعرات کو تھانہ علاقے کے پہاڑی گاؤں میں ایک 21 سالہ خاتون کو اس کے سابق شوہر کانا اور دیگر رشتہ داروں نے برہنہ کر دیا۔شیئر کی گئی ویڈیو میں خاتون چیخ رہی ہے اور وہاں سے جانے کی التجا کر رہی ہے۔
شوہر اسے زبردستی بھیڑ میں لے جاتا ہے اور پورے گاؤں میں اس کی پریڈ کرواتا ہے۔ اس دوران گاؤں کے بہت سے لوگ موجود ہوتے ہیں لیکن کوئی اسے نہیں روکتا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اس دوران خاتون کے ساتھ مارپیٹ بھی کی گئی۔
پولیس کے ڈائریکٹر جنرل امیش مشرا نے جمعہ کی رات دیر گئے جے پور میں کہا کہ ریاستی حکومت نے اس واقعہ کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے اور اے ڈی جی دنیش ایم این کو پرتاپ گڑھ بھیجا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خاتون کے سابق شوہر کنا سمیت تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور دیگر کی تلاش جاری ہے۔
رات دیر گئے خاتون نے پولیس سے شکایت کی۔ اس کے بعد ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس میں 14 لوگوں کے نام ہیں۔ پولیس نے شوہر سمیت 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ادھر خواتین کے قومی کمیشن نے اس واقعہ کی مذمت کی ہے۔ کمیشن نے راجستھان کے ڈی جی پی سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں فوری کارروائی کریں اور پانچ دن کے اندر اس معاملے میں رپورٹ پیش کریں۔
پرتاپ گڑھ کے پولیس سپرنٹنڈنٹ امیت کمار گاؤں میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ گہلوت نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ایک خاتون کو برہنہ کیے جانے کا ویڈیو سامنے آیا ہے۔ مہذب معاشرے میں ایسے واقعات کی کوئی جگہ نہیں۔
بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ راجستھان کے پرتاپ گڑھ کا ویڈیو چونکا دینے والا ہے۔ راجستھان میں حکمرانی کا نظام مکمل طور پر غائب ہے۔ وزیراعلیٰ اور وزراء دھڑے بندی کے تنازعات کو سلجھانے میں مصروف ہیں۔ یہ کوئی تعجب کی بات نہیں ہے کہ ریاست میں خواتین کے تحفظ کے معاملے کو پوری طرح نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ خواتین کو ہراساں کرنے کا ہر روز کوئی نہ کوئی واقعہ سامنے آتا ہے۔ راجستھان کے عوام ریاستی حکومت کو سبق سکھائیں گے۔
حکومت پر تنقید کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ وسندھرا راجے نے کہا کہ ایک حاملہ خاتون کی لوگوں کے سامنے برہنہ پریڈ کرنے کا ویڈیو وائرل ہوا لیکن انتظامیہ کو اس کا علم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعہ نے راجستھان کو شرمندہ کر دیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے لوگوں سے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر شیئر نہ کرنے کی بھی اپیل کی۔
ناگراج مینا (کانگریس ایم ایل اے، دھریاواڑ اسمبلی، پرتاپ گڑھ) نے کہا کہ مجھے اس واقعہ کے بارے میں رات 9 بجے کے قریب معلوم ہوا۔ اس کے بعد میں نے ضلع کلکٹر اور پولیس سپرنٹنڈنٹ سے بات کی۔ اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایسا واقعہ نہیں ہونا چاہیے۔ پولیس اس پر فوری کارروائی کرے گی۔
امیت کمار (ایس پی، پرتاپ گڑھ، راجستھان) نے بتایا کہ پرتاپ گڑھ ضلع کے دھریاواد تھانہ علاقے میں ایک ویڈیو وائرل ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس میں ایک خاتون کی برہنہ پریڈ کی گئی ہے۔
معاملے کے نوٹس میں آنے کے بعد ہم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ضلع میں 6 ٹیمیں تشکیل دیں۔ متاثرہ فریق کی جانب سے ایف آئی آر درج کرائی جا رہی ہے۔ پولیس ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔
امیش مشرا (ڈی جی پی، راجستھان پولیس، جے پور) نے کہا کہ یہ واقعہ انتہائی وحشیانہ ہے۔ مقامی پولیس کو آج شام اس واقعہ کا علم ہوا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی، واقعہ کی مکمل معلومات حاصل کرکے قانونی کارروائی شروع کردی۔
واقعہ میں ملوث سسرال والوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔ ہماری ٹیمیں مسلسل چھاپے مار رہی ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ رات ہی میں ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔