cloud-burst Sikkim

سکم میں بادل پھٹنے سے23 فوجیوں سمیت 43 افراد لاپتہ۔ دریائے تیستا میں سیلاب

تازہ خبر قومی
سکم میں بادل پھٹنے سے23 فوجیوں سمیت 43 افراد لاپتہ۔ دریائے تیستا میں سیلاب
ہزار لوگوں کو بحفاظت 5 ریلیف کیمپوں میں پہنچا دیا
گنگ ٹوک:۔4؍اکتوبر
(زین نیو ز ڈیسک)
سکم میں منگل کی دیر رات بادل پھٹنے کے بعد تیستا ندی میں اچانک سیلاب کی وجہ سے پانچ لوگوں کی موت ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی 43 افراد لاپتہ ہو گئے۔ ان میں فوج کے 23 عہدیدار بھی شامل ہیں۔
 اس معاملے میں پاکیونگ کے ضلع مجسٹریٹ تاشی چوپل نے تمام فوجیوں کی موت کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ تاہم ابھی تک اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
دریا سے ملحقہ علاقے میں آرمی کیمپ تھا جو سیلاب کی زد میں آکر بہہ گیا اور وہاں کھڑی 41 گاڑیاں ڈوب گئیں۔ تقریباً 4 ہزار لوگوں کو بحفاظت 5 ریلیف کیمپوں میں پہنچا دیا گیا ہے۔
سیلاب کی وجہ سے ریاست کو ملک سے جوڑنے والی قومی شاہراہ NH-10 بھی بہہ گئی۔ جس کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کی سہولت ٹھپ ہوگئی ہے۔
ڈیفنس پی آر او کے مطابق لوناک جھیل پر صبح 1.30 بجے کے قریب بادل پھٹ گئے جس کے بعد وادی لاچن میں دریائے تیستا میں اچانک سیلاب آگیا۔ دریا میں پانی کی سطح اچانک 15 سے 20 فٹ تک بڑھ گئی۔
 جس کے بعد دریا سے ملحقہ علاقے زیر آب آگئے۔ ندی کا پانی بھی کئی گھروں میں داخل ہو گیا۔ لوگ اپنے گھر بار چھوڑ کر محفوظ علاقوں میں چلے گئے۔
سکم میں بادل پھٹنے کے بعد مغربی بنگال کے کلمپونگ میں بھی سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ ریاست کے چیف سکریٹری ایچ کے دویدی نے کہا- تیستا بیراج سے تین لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ ابھی تک اس کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔
دوسری جانب وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست کی صورتحال جاننے کے لیے وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ سے بات کی۔ انہیں مدد کا یقین دلایا۔
گوہاٹی کے ڈیفنس پی آر او نے بتایا کہ حادثے کے بعد لاپتہ فوجی جوانوں کی تلاش کے لیے بچاؤآپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔ مقامی انتظامیہ بھی اپنی سطح پربچاؤ آپریشن کر رہی ہے۔ تاہم جانی و مالی نقصان کے بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔
این ڈی آر ایف کی ٹیم تعینات کی گئیں ہیںاین ڈی آر ایف نے سکم کے سنگتم سے 7 لوگوں کو بچایا جہاں بادل پھٹنے سے سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔ این ڈی آر ایف کی ایک ٹیم گنگٹوک میں تعینات ہے اور دو ٹیمیں مغربی بنگال میں سکم سے متصل علاقوں میں تعینات ہیں۔
شمال مشرقی ریاستوں میں آج اور کل شدید بارش کا الرٹ۔ہندوستانی محکمہ موسمیات نے 4 اور 5 اکتوبر کو مشرقی اور شمال مشرقی ریاستوں میں شدید بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ان میں بہار، جھارکھنڈ، اڈیشہ، مغربی بنگال، سکم، آسام، میگھالیہ، اروناچل پردیش، ناگالینڈ، منی پور، میزورم اور تریپورہ شامل ہیں۔