Nampally Bazar ghat Feroz khan

حیدرآباد: آتشزدگی کے مقام کے قریب کانگریس اور مجلس کے کارکنوں میں تصادم

تازہ خبر تلنگانہ
حیدرآباد: آتشزدگی کے مقام کے قریب کانگریس اور مجلس کے کارکنوں میں تصادم
حیدرآباد:۔13؍نومبر
(زین نیوز)
تلنگانہ اسمبلی انتخابات کے وقت حیدرآباد کے نامپلی بازار گھاٹ میں آتشزدگی کے واقعہ نے سیاسی رنگ اختیار کرلیا۔ بازار گھاٹ آتشزدگی کے مقام پر مجلس اور کانگریس کی کارکنوں میں جھڑپ ہوئی۔ جائے حادثہ کا معائنہ کرنے والے کانگریس لیڈر فیروز خان نے اس واقعہ کے لئے حکومت کی لاپرواہی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔
نامپلی کے بازار گھاٹ میں اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب کانگریس اور آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے کارکنوں میں اس مقام پر تصادم ہوا جہاں پیر کے روز آتشزدگی کے واقعہ میں نو افراد ہلاک ہوگئے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کانگریس نامپلی کے امیدوار محمد فیروز خان  واقعہ کا معائنہ کرنے اپنے پارٹی کارکنوں کے ساتھ جائے وقوعہ پر پہنچے۔ نامپلی کے امیدوار محمد ماجد حسین کی قیادت میں مجلس اتحاد المسلمین کے کارکنوں نے جو پہلے ہی موقع پر موجود تھے
 فیروز خا ن کو روک دیا اور کانگریس لیڈر کے خلاف نعرے لگائے اور ان سےواپس جانے کو کہا۔ جواب میں کانگریس کارکنوں نے بھی اے مجلس اتحاد المسلمین کے خلاف نعرے لگائے۔

تاہم پولیس نے مداخلت کی اور دونوں گروپوں کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارج کیا۔ اب صورتحال قابو میں ہے۔ فیروز خان نے الزام لگایا کہ آگ کا حادثہ حکومت کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوا ہے۔دریں اثنا، وہاں موجود مجلس کے لیڈروں نے فیروز خان کے الزامات کی تردید کی۔ جس سے وہاں پر کشیدہ صورتحال پیدا ہو گئی۔
حکام نے بتایا کہ دونوں گروپوں کی موجودگی آگ بجھانے کی کارروائیوں میں رکاوٹ بن رہی تھی۔نامپلی کے بازارگھاٹ میں ہمالیہ ہوٹل کے سامنے واقع چار منزلہ اپارٹمنٹ میں آج صبح آگ لگ گئی۔ آگ اس وقت لگی جب کار کی مرمت کی جا رہی تھی کیونکہ گراؤنڈ فلور پر ایک گیراج تھا۔
 اسی دوران وہاں ڈیزل اور کیمیکل کے ڈرم موجود تھے اور ان میں آگ لگنےسے پوری رہائشی عمار ت میں پھیل جس میں 9؍افراد جاں بحق ہوگئے
قبل ازیں مرکزی وزیر اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ کشن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت ایسے معاملات میں کارروائی نہیں کر رہی ہے۔
میں نے ریاستی حکومت سے بارہا کہا ہے کہ ایسے گوداموں کو شہر سے باہر منتقل کیا جائے۔ میں اس واقعہ میں مرنے والوں کے اہل خانہ کو مالی امداد دلانے کے لیے وزیر اعظم سے بات کروں گا۔
اس دوران کئی رہنماؤں نے آتشزدگی کے حادثے پر صدمے کا اظہار کیا تلنگانہ کے گورنر تملائی ساؤندرراجن نے بھی جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا۔
گورنر نے چیف سیکرٹری حکومت کو ہدایت کی کہ وہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کو جامع طبی امداد فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں اور واقعے کی مکمل تحقیقات کرنے اور آگ لگنے کے حالات کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔