حیدرآباد: نامپلی کے بازار گھاٹ میں آتشزدگی کا واقعہ
ایک ہی خاندان کے 7 افراد سمیت 9 جاں بحق
حکومت کی جانب سے مہلوکین کے افراد خاندان کو فی کس 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان
حیدرآباد: ۔13؍نومبر
(زین نیوز)
تلنگانہ حکومت نے نامپلی بازار گھاٹ آتشزدگی کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ کے لیے امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیر کے ٹی آر نے اعلان کیا کہ مہلوکین کے افراد خاندان کو فی کس 5 لاکھ روپئے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزراء کے ٹی آر اور تلاسانی سرینواس یادو موقع پر پہنچ گئے۔ وہاں کے حالات کا جائزہ لیا۔ حکام سے حادثے کی وجوہات کے بارے میں پوچھا گیا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کیا جا رہا ہے۔
نیز زخمیوں کا عثمانیہ ہسپتال میں علاج کیا جارہا ہے۔ وزیر کے ٹی آر نے کہا کہ اگر ضرورت پڑی تو انہیں بہتر علاج کے لئے پرائیویٹ اسپتال منتقل کیا جائے گا۔
حیدرآباد کے بازار گھاٹ میں چار منزلہ رہائشی عمارت کے سیلر میں آ ج صبح زبردست آگ بھڑک اٹھی ۔ کیمیکل کی بوتلیں پھٹنے سے پیش آنے والے واقعے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ان میں سات کا تعلق ایک خاندان سے ہے۔گراؤنڈ فلور پر کار گیراج میں لگی آگ بالائی منزلوں تک پھیل گئی اور مکینوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
حادثے کے بعد آگ بجھانے کے لیے پانچ فائر ٹینڈر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، ڈی سی پی سینٹرل کے وینکٹیشورلو نے آپریشن کی نگرانی کی۔ عمارت سے بڑے بڑے شعلے نکلتے دیکھے گئے۔
شارٹ سرکٹ کے باعث آگ حادثہ پیش آیا۔ڈی سی پی نے کہا کہ ایک مکینک کار کی مرمت کر رہا تھا جب شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی اور کنٹینرز میں رکھے ڈیزل اور تیل میں آگ لگ گئی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کم از کم نو افراد ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔اس دوران عمارت کا مالک جیسوال مبینہ طور پر مفرور ہے۔
پولیس کی خصوصی ٹیمیں اس کی تلاش کر رہی ہیں۔ پولیس نے آئی پی سی کی دفعہ 304، 285، 286 اور 9B(1) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے اور بازار گھاٹ آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حادثے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
جا ں بحق ہونے والوں میں
محمد اعظم (58 سال)
ریحانہ سلطانہ (50 سال)
فائزہ سمین (26 سال)
طہورا ٓفرین (35 سال)
طوبیٰ (6 سال)
تروبہ (13 سال)
محمد ذاکر حسین (66 سال)
حسیب الرحمن (32 سال)
نکات سلطانہ (55 سال)
شامل ہیں
وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے سی آرنے تعزیت پیش کی۔
تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آتشزدگی کے واقعہ پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے میں ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو فوری طور پر تمام امدادی اقدامات اٹھانے کا بھی حکم دیا ہے۔