Collector Hospital Visit-1web

مریضوں کو بہتر طبی سہولیات اور معیاری غذا فراہم کی جائے

تازہ خبر تلنگانہ
مریضوں کو بہتر طبی سہولیات اور معیاری غذا فراہم کی جائے
جگتیال ضلع کلکٹر بی ستیہ پرساد کا زچہ و بچہ سینٹرکا اچانک معائنہ
جگتیال:۔5؍فروری
(عمران زین)
جگتیال ضلع کلکٹر بی ستیہ پرساد نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جانی چاہئیں۔چہارشنبہ کے روزانھوں نے مقامی زچہ و بچہ  مرکز کا متعلقہ افسران کے ساتھ اچانک معائنہ کیا۔ اس دوران کلکٹر نے ہسپتال کے ریکارڈز اور احاطہ کا جائزہ لیا۔ او پی ڈی خدمات، ان پیشنٹ (آئی پی) خدمات، لیب کے ریکارڈز اور دیگر طبی دستاویزات کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔
 انھوں نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ڈاکٹروں کو وقت کی پابندی کی ہدایت دی۔کلکٹر نے روزانہ او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کی تعداد، نفسیاتی وارڈ، بچوں کے وارڈ، ایمرجنسی وارڈ اور حاملہ خواتین کے لیے فراہم کی جانے والی طبی خدمات کا تفصیل سے جائزہ لیا۔
 انھوں نے یہ بھی دریافت کیا کہ نارمل ڈیلیوری کے لیے کس قسم کا علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہسپتال میں مریضوں کو صاف پینے کا پانی میسر ہے یا نہیں، اور انہیں فراہم کی جانے والی غذا معیاری ہے یا نہیں، اس کا بھی معائنہ کیا۔ انھوں نے ہدایت دی کہ مریضوں کو طبی خدمات فراہم کرتے وقت کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
کلکٹر نے ہسپتال کے فارمیسی سیکشن کا بھی معائنہ کیا اور یہ جاننے کی کوشش کی کہ مختلف بیماریوں کے علاج کے لیے ضروری ادویات دستیاب ہیں یا نہیں۔ اس کے بعد انہوں نے ہسپتال کے ارد گرد کے ماحول کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
انہوں نے گورنمنٹ میڈیکل کالج کے احاطے میں زیر تعمیر 50 بستروں پر مشتمل کریٹیکل کیئر یونٹ کا جائزہ لیا اور تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت دی۔ اسی طرح لیکویڈ میڈیکل آکسیجن پلانٹ کے پلیٹ فارم کی تعمیر کے عمل کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کیں۔
کلکٹر کے ہمراہ جگتیال آر ڈی او مدھو سدن، ڈاکٹر اے سمن راؤ (انچارج میڈیکل سپرنٹنڈنٹ)، ڈاکٹر یعقوب پاشا (ڈپٹی ریزیڈنٹ میڈیکل آفیسر)، سی اے ایس آر ایم او، دیگر طبی افسران اور ہسپتال کے عملہ نے شرکت کی۔