تلنگانہ ہائی کورٹ میں بحث کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے وکیل کی موت
حیدرآباد:۔18؍فروری
(زین نیوز)
دل کا دورہ پڑنے سے اموات کےواقعات میں دن بد ن اضافہ ہی ہوتاجارہاہے ۔روزانہ بہت سے لوگ مررہے ہیں۔ جوان ہوں یا بوڑھے، بہت سے لوگ دل کا دورہ پڑنے سے مر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں ایک دولہا گھوڑے پر بیٹھتے ہوئے مر گیا، اسی طرح کچھ لوگ ڈانس کرتے، فلمیں دیکھتے یا چلتے پھرتے ہارٹ اٹیک سے مر گئے۔ آج اور ایک افسوسناک واقعہ میں تلنگانہ ہائی کورٹ کے ایک سینئر وکیل کا دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوگئی
تفصیلات کے مطابق منگل کو ایک کیس میں سینئر وکیل وینوگوپال راؤ کورٹ ہال 21 میں اپنے مؤکل کی طرف سے دلائل دے رہے تھے کہ دل کا دورہ پڑنے سے موقع پر ہی گر گئے۔ وکیل وینوگوپال راؤ ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
اس سے پہلے کہ ساتھی وکلاء اور عدالتی عملہ انہیں فوری طور پر ایمبولینس میں عثمانیہ ہسپتال پہنچا سکے۔تاہم، ڈاکٹروں نے پہنچنے پر ان کی موت کی تصدیق کردی۔ انہوں نے بعد میں بتایا کہ موت کی وجہ دل کا دورہ تھا۔
ججوں نے وکیل کی موت کے سوگ میں ہائی کورٹ کے تمام بنچوں کی کارروائی ملتوی کر دی۔ دوسری جانب ججز نے تمام عدالتوں میں سماعت کل تک ملتوی کر دی ہے۔وینوگوپال راؤ کے اچانک موت سے حیدرآباد میں وکلابرادری سوگ میں ڈوب گئی