Jeevan Reddy Press

ہر کانگریسی کارکن کا ہدف راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانا ہے

تازہ خبر تلنگانہ
ہر کانگریسی کارکن کا ہدف راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانا ہے
 سابق وزیر جیون ریڈی کا بی آر ایس اور سنجے کمار پر سخت حملہ
جگتیال: ۔10؍اپریل
(زین نیوز)
 سابق وزیر و سینئر کانگریس رہنما تاتپرتی جیون ریڈی نے جگتیال ضلع مرکز میں واقع اندرا بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بی آر ایس کے رویے اور ایم ایل اے سنجے کمار کے بیانات پر سخت تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ آل انڈیا کانگریس کے صدر ملیکارجن کھڑگے اور راہل گاندھی نے ’’باپو، جے بھیم، جے سنویدھان‘‘ کے نعرے کے ساتھ عوام میں آئینی اقدار کے فروغ کے لیے ایک مہم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر میں آئینی اقدار پر بات کرتا ہوں تو سنجے کمار کو گھبراہٹ کیوں ہوتی ہے؟
جیون ریڈی نے اپنی بیان میں کہا کہ ان کے دادا، والد اور وہ خود تینوں کانگریس سے وابستہ رہے ہیں۔ بعض لوگ حالات کے مطابق کانگریس میں آتے اور جاتے ہیں، کیا یہی ان کا نظریہ ہے؟انہوں نے کہا کہ 1962 میں ڈی ہنمنت راؤ کو کانگریس کا ٹکٹ نہ ملنے پر وہ اپوزیشن میں چلے گئے۔ 1972 میں بی راملّو کو کانگریس نے ٹکٹ دیا تو زمین داروں اور سرمایہ داروں نے مل کر ان کے خلاف جے دامودھر راؤ کی حمایت کی۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے 1984 میں اندرا گاندھی کی قربانی سے متاثر ہو کر کانگریس میں شمولیت اختیار کی، جب کہ این ٹی راما راؤ کی حکومت سے استعفیٰ دے کر کانگریس کا حصہ بنے۔ 40 سالہ سیاسی زندگی میں انہوں نے کبھی اصولوں سے سمجھوتا نہیں کیا۔انہوں نے یاد دلایا کہ 2008 میں پارٹی ہدایت پر انہوں نے کے سی آر کے خلاف مقابلہ کیا اور 2014 میں متحدہ کریم نگر سے واحد کانگریسی ایم ایل اے منتخب ہوئے۔
 جگتیال کے عوام نے انہیں اپوزیشن امیدوار ہوتے ہوئے بھی کامیاب بنایا، یہ ان کا ناقابلِ فراموش احسان ہے۔جیون ریڈی نے دعویٰ کیا کہ جگتیال میں 200 ایکڑ زمین حاصل کر کے 4000 غریب افراد کو ذاتی مکانات منظور کرائے، جن کی قیمت آج دو لاکھ روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ لیکن جب مکانات مکمل ہونے والے تھے تو "کانگریس کا نام آ جائے گا” کہہ کر وہ مکانات منہدم کر دیے گئے اور ان کی جگہ ڈبل بیڈروم اسکیم شروع کی گئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ریاست میں پہلی بار جگتیال میں بلا ناغہ پانی کی سپلائی کو یقینی بنایا گیا۔ بورنپلی پل کے لیے 70 کروڑ کی منظوری کے علاوہ میڈیکل کالج، ایگریکلچر کالج، ویٹرنری کالج، جے این ٹی یو کیمپس، اور شاتواہنا یونیورسٹی جیسے ترقیاتی منصوبے ان کے دور میں مکمل یا شروع ہوئے۔
سابق وزیر نے کہا کہ بی آر ایس نے دس سال تک عوام پر مظالم کیے، حتیٰ کہ سارا نگاپور کے ایک نوجوان نے پریشانی سے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔ ان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے گئے، سسپنشنز کیے گئے، اور سرپنچوں کو ہراساں کیا گیا۔انہوں نے وزیر اعلیٰ ریوَنت ریڈی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تعاون سے مختلف ترقیاتی کاموں کے لیے کروڑوں روپے کی منظوری حاصل کی گئی ہے۔
کانگریس حکومت میں تمام طبقات کو انصاف دیا جا رہا ہے، اور جو کانگریس کو اقتدار میں لانے میں اہم کردار ادا کر چکے ہیں، انہیں ترجیح دی جائے گی۔جیون ریڈی نے آخر میں کہا کہ ان کا مشن کانگریس کو مضبوط بنانا ہے، اور ہر کانگریسی کارکن کا ہدف راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانا ہے۔اس موقع پر کانگریسی قائدین مسٹر بنڈ ا شنکر‘ جگدیشور ایڈوکیٹ‘ گاجولہ راجندر‘ محمد مکثر علی نہال‘ اور دیگر موجودتھے