K.Kavitha MLC

کے سی آر نرم مزاج، میں راؤڈی ٹائپ ہوں۔ ایم ایل سی کے۔ کویتا

تازہ خبر تلنگانہ
کے سی آر نرم مزاج، میں راؤڈی ٹائپ ہوں۔ ایم ایل سی کے۔ کویتا
بی آر ایس کارکنوں کو دھمکانے والوں کے نام پنک بک میں درج کیے جائیں گے
حیدرآباد:  ؍27 اپریل
(زین نیوز )
  تلنگانہ میں سیاسی ماحول مزید گرما گیا ہے۔ بی آر ایس اور کانگریس کے درمیان سیاسی ٹکراؤ میں شدت آتی جارہی ہے بی آر ایس (بھارتیہ راشٹرا سمیتی) کی رکن قانون ساز کونسل (ایم ایل سی) کویتا نے الزام لگایا ہے کہ کانگریس قائدین بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو دھمکا رہے ہیں اور ان کے نام پنک بک میں درج کیے جائیں گے۔
 بانسواڑہ میں منعقدہ پارٹی کی سلور جوبلی تقریب کی تیاریوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ بعض افراد 27 اپریل کو ورنگل میں منعقد ہونے والی بی آر ایس سلور جوبلی تقریب میں کارکنوں کی شرکت کو روکنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو ناقابلِ قبول ہے۔

ایم ایل سی کویتا نے سخت لہجے میں کہاکہ میں کسی کی طرح خاموش نہیں بیٹھوں گی، کے سی آر صاحب اچھےہونگے میں راؤڈی ٹائپ ہوں۔ جو کوئی بھی ہمارے کارکنوں کو فون کر کے دھمکیاں دے رہا ہے،
چاہے وہ کانگریس قائدین ہوں یا سرکاری عہدیدار، ان سب کے نام پنک بک میں لکھے جائیں گے اور کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ بی آر ایس کی جدوجہد کا نتیجہ ہے، اور ورنگل میں منعقد ہونے والا جشن ایک عظیم "تلنگانہ کمبھ میلہ” کی شکل اختیار کرے گا۔
 کویتا نے دعویٰ کیا کہ عوام دوبارہ بی آر ایس کی حکمرانی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر بانسواڑہ میں ضمنی انتخاب ہوا تو گلابی جھنڈا  ضرور لہرائے گا۔کویتا نے موجودہ کانگریس حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ صرف 15 ماہ میں حکومت نے عوام کا اعتماد کھو دیا ہے اور ایسی حکومت کو نوبل انعام” ملنا چاہیے۔ ان کے بقول، "کانگریس کی حکمرانی صرف باتوں کی حکومت ہے۔ کچھ لوگ صرف پیسے کی لالچ میں کانگریس میں شامل ہوئے ہیں۔
ایم ایل سی کویتا نے آندھرا پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ پون کلیان کو  بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہیں سنجیدگی سے لینے کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پون کلیان انتخابات سے پہلے کچھ اور کہتے تھے اور اب بالکل متضاد بیانات دے رہے ہیں۔
کویتا نے سوال اٹھایا کہ آخر وہ لیفٹ نظریے سے رائٹ ونگ میں کیسے منتقل ہوگئے؟ انہوں نے کہا کہ پون کلیان کے گزشتہ اور موجودہ بیانات میں کوئی مطابقت نہیں۔اس موقع پر سابق آرمور ایم ایل اے جیون ریڈی، باجی ریڈی گووردھن اور دیگر نے شرکت کی