حج کی سعادت انہی افراد کو نصیب ہوتی ہے جو اللہ کے مقرب اور مخلص بندے ہوتے ہیں
سدی پیٹ میں عازمینِ حج کے لیے تربیتی و تہنیتی کیمپ کا انعقاد، فاروق حسین و ٹی ہریش راؤ کی شرکت
سدی پیٹ:۔ 19؍ اپریل
(زین نیوز)
ضلع سدی پیٹ کے عازمینِ حج کے لیے سابق ایم ایل سی فاروق حسین کی رہائش گاہ پر حج تربیتی و تہنیتی کیمپ کا انعقاد عمل میں آیا، جس کی نگرانی لیاقت حسین نے کی۔ اس کیمپ سے ایم ایل سی فاروق حسین، مولانا مفتی آصف الدین ندوی (حیدرآباد)، مولانا مفتی عمر فاروق نقشبندی (کریم نگر) کے علاوہ مقامی علما و دیگر معززین نے خطاب کیا۔
مقررین نے عازمینِ حج سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حج اسلام کا اہم بنیادی رکن ہے، اور یہ سعادت انہی افراد کو نصیب ہوتی ہے جو اللہ کے مقرب اور مخلص بندے ہوتے ہیں۔ مقررین نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ ضروری اسناد، ادویات اور دیگر اہم اشیاء کی تیاری مکمل کرلیں اور ذہنی و جسمانی طور پر بھی خود کو تیار رکھیں۔
تربیتی کیمپ میں اہم نکات اور رہنما اصولوں کو واضح طور پر پیش کیا گیا تاکہ عازمین حج مکمل آگہی کے ساتھ اپنے سفر پر روانہ ہوں۔ مقررین نے زور دیا کہ دعاؤں میں امتِ مسلمہ، ہندوستان اور ریاست تلنگانہ کے مسلمانوں کی خیریت و سلامتی، اور ملک میں امن و امان کی دعا شامل رکھیں۔ انہوں نے خاص طور پر سابق وزیر اعلیٰ کے سی آر اور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کی صحت و درازیٔ عمر کے لیے بھی دعاؤں کی گزارش کی۔

اس موقع پر مفتی عبدالسلام، مفتی کریم الدین پٹیل، مفتی مسعود عالم، مفتی اسماعیل، حافظ عبد السمیع، تنظیم المساجد کے اراکین زبیر حسین، ایم اے قادر، ابراہیم سلیم و دیگر نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی سابق وزیر و ایم ایل اے سدی پیٹ ٹی ہریش راؤ نے شرکت کی، جہاں انہوں نے حاجیوں کی گلپوشی کی اور ٹیکہ اندازی کی تقریب میں بھی حصہ لیا۔
اختتام پر ایم ایل سی فاروق حسین کی جانب سے شرکاء اور مہمانانِ گرامی کے لیے ظہرانے کا خصوصی انتظام کیا گیا۔ اس موقع پر صدر تنظیم المساجد سلیکشن باڈی ضیاء الدین آصف، نائب صدر شیخ عبید، متمد اکبر نواب، سوسائٹی صدر قمردین طاہر، محمد فخرالدین، فریدالدین، علیم الدین سجو، منصور احمد و دیگر اہم شخصیات موجود تھیں
