Waqf Protest

وقف ترمیمی قانون کے ذریعہ وقف کی خود مختاری ختم کیا جارہا ہے، بل کی منسوخی کا مطالبہ 

تازہ خبر تلنگانہ
وقف ترمیمی قانون کے ذریعہ وقف کی خود مختاری ختم کیا جارہا ہے، بل کی منسوخی کا مطالبہ 
وقف ترمیمی قانون کے خلاف جگتیال میں مسلمانوں کا پرامن احتجاج
 جگتیال:۔ 18 اپریل 
(زین نیوز)
شہر جگتیال میں آج بعد نماز جمعہ تمام مساجد میں وقف ترمیمی قانون 2025کے خلاف ایک پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس احتجاج کا انعقاد آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی اپیل پر کیا گیا تھا، جس میں علمائے کرام،حفاظ،  بزرگ مصلیان ‘تاجر، نوجوان، طلبا اور بڑی تعداد میں عام شہریوں نے شرکت کی۔
مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر”وقف قانون نامنظور”، "ہمیں شریعت میں مداخلت قبول نہیں”، "ہمارا وقف، ہماری امانت‘”اقلیتوں کے حقوق پر حملہ نامنظور‘درج تھا۔مساجد کے ائمہ و خطیب حضرات‘و صدور مساجد نے نماز جمعہ کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وقف اللہ کی رضا کے لیے ہوتا ہے، اور شریعت میں اس کی واضح حیثیت ہے۔حکومت کی جانب سے وقف املاک پر قبضے کی کوشش ناقابلِ قبول ہے۔
یہ ترمیمی بل مسلمانوں کے مذہبی، تعلیمی اور فلاحی اداروں کے خلاف ہے۔ بل آئین کے آرٹیکل 26 کی خلاف ورزی ہے۔وقف کی خود مختاری ختم کر کے وقف بورڈ کو محض ایک کٹھ پتلی بنایا جا رہا ہے۔ہزاروں مدارس اور مساجد متاثر ہوں گی۔ہم آئینی، قانونی اور جمہوری طریقے سے اس کا مقابلہ کریں گے۔
"احتجاج میں شامل نوجوان رہنماؤں نے بھی کہا کہ اگر حکومت نے اس قانون کو واپس نہ لیا تو تحریک کو پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کے ذریعے اوقافی جائیدادوں پر حکومتی کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو ناقابلِ قبول ہے۔
ذمہ داران نے مزید کہا کہ ملک بھر کے مسلمان اس غیر آئینی قانون کے خلاف متحد ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر یہ بل واپس لیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلمان اس قانون کی مکمل منسوخی تک پُرامن احتجاج جاری رکھیں گے