Murder

کانگریس رہنما کی 70 سالہ والدہ کا بے رحمی سے قتل، تحقیقات جاری

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات
کانگریس رہنما کی 70 سالہ والدہ کا بے رحمی سے قتل، تحقیقات جاری
جگتیال ضلع میں خاندانی دشمنی کا شاخسانہ؟ 
جگتیال:۔ 7 اگست
 (نمائندہ خصوصی)
تلنگانہ کے ضلع جگتیال میں ایک دل دہلا دینے والے واقعہ نے سنسنی پھیلا دی ہے۔ کوڑمیال منڈل کے ناچوپلی گاؤں میں ایک بزرگ خاتون کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا۔ مقتولہ کا تعلق ایک سیاسی خاندان سے ہے، اور پولیس نے اس معاملے میں ابتدائی پیش رفت کرتے ہوئے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ناچ پلی گاؤں کی رہائشی 70 سالہ پرِیمالتا، جو کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما اور سنگل ونڈو چیئرمین مینینی راج نرسمہا راؤ کی والدہ تھیں، گزشتہ رات گھر کے قریب قتل کر دی گئیں۔ نامعلوم افراد نے پتھروں یا بھاری ڈنڈوں سے ان کے سر پر شدید وار کیے، جس کے نتیجے میں ان کی موقع پر ہی موت واقع ہوئی۔ بعد ازاں لاش کو گھسیٹ کر قریبی پانی کے گڑھے میں پھینک دیا گیا۔
واردات کا مقام مقتولہ کے مکان کے قریب سی سی روڈ سے متصل ہے جہاں سے شواہد جمع کیے گئے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ واردات پرانی دشمنی کے سبب کی گئی، اور ملزم مقتولہ کے قریبی جاننے والے میں سے ہو سکتا ہے۔اطلاعات کے مطابق پولیس نے ایک مشتبہ شخص راگھونندن راؤ کو حراست میں لے لیا ہے، جو مقتولہ کے مکان کے قریب مرغیوں کا فارم چلاتا تھا۔
 پولیس اس پہلو پر بھی غور کر رہی ہے کہ آیا ملزم کا مقتولہ سے کوئی ذاتی تنازع یا دشمنی تھی۔واردات کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی جگتیال راگھو چندر اور سرکل انسپکٹر ملیال نیلم روی مقامِ واردات پر پہنچے، معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس نے کیس درج کر کے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے ۔سی آئی نیلم روی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ معاملہ کی ہر پہلو سے جانچ ہو رہی ہے اور جلد ہی اصل حقائق سامنے لائے جائیں گے۔ عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی کو واقعہ سے متعلق معلومات ہوں تو پولیس سے تعاون کریں۔