حیدرآباد میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائی، ایم ڈی ایم اے اور گانجہ ضبط۔تین گرفتار

تازہ خبر تلنگانہ جرائم حادثات
حیدرآباد میں منشیات کے خلاف بڑی کارروائی، ایم ڈی ایم اے اور گانجہ ضبط۔ تین گرفتار
حیدرآباد:۔7 اگست
 (نمائندہ خصوصی)
حیدرآباد شہر اور نواحی علاقوں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف ایکسائز اور پولیس محکموں کی جانب سے مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ جمعرات کے روز مختلف مقامات پر کی گئی چھاپہ مار کارروائیوں کے دوران پولیس نے بھاری مقدار میں ایم ڈی ایم اے اور گانجہ ضبط کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایکسائز پولیس نے بنگلورو سے حیدرآباد ایم ڈی ایم اے (MDMA) (تھری، فور۔میتھائلین ڈائی آکسی میتھ ایمفیٹامائن۔مصنوعی نشہ آور دوا ہے)منشیات اسمگل کرنے والے ایک ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
اطلاعات کے مطابق، ملزم ممنوعہ نشہ آور اشیاء شری لنگم پلی کے اطراف میں کڑپہ کے رہائشی گتہ تیجا کرشنا کو فروخت کرنے والا تھا۔ ایکسائز عہدیداروں نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے دونوں افراد کو حراست میں لے لیا اور ان کے قبضے سے 5.14 گرام ایم ڈی ایم اے برآمد کر لی۔
ملزمان سے شری لنگم پلی ایکسائز پولیس تفتیش کر رہی ہے، جس کے دوران کئی اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔اسی روز ایک اور کارروائی میں مَلکاژگِری پولیس نے مہیش ریڈی نامی شخص کو اُس وقت حراست میں لے لیا جب وہ ملکاجگری کے رہائشی ایک شخص سے 510 گرام گانجہ خرید کر اسے فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گانجا ضبط کیا اور ملزم کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
دریں اثنا، گھٹکیسر علاقہ میں بھی منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ ایس ٹی ایف سی ٹیم کو اطلاع ملی تھی کہ ناگپور سے بس کے ذریعے گانجا حیدرآباد منتقل کیا جا رہا ہے۔
اس اطلاع پر سی آئی وینکٹیشورلو کی قیادت میں ٹیم نے کومپلی، بالاجی نگر، جواہر نگر اور گھٹکیسر کے مقامات پر بسوں کی تلاشی لی۔ اس دوران پربھو راج نامی شخص کو 1.227 کلو گرام گانجہ کے ساتھ گرفتار کر لیا گیا۔
 ملزم کو گھٹکیسر ایکسائز اسٹیشن کے حوالے کر دیا گیا۔ایکسائز انفورسمنٹ ڈائریکٹر شانواز قاسم اور بی ٹیم لیڈر پردیپ راؤ نے کامیاب کارروائیوں پر متعلقہ پولیس اور ایکسائز اہلکاروں کو مبارکباد پیش کی اور ان کی مستعدی کی ستائش کی۔