CM Revanth Reddy

حیدرآباد میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال

تازہ خبر تلنگانہ
حیدرآباد میں شدید بارش اور سیلابی صورتحال
وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کا متاثرہ علاقوں کا اچانک دورہ، مستقل حل کی ہدایت 
حیدرآباد :۔10؍اگست
(زین نیوز)
Hyderabad
میں حالیہ دنوں ہونے والی شدید بارش اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے اتوار کو شہر کے مختلف متاثرہ علاقوں کا اچانک دورہ کیا اور زمینی حقائق کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت دی کہ ایسے علاقوں میں سیلابی مسئلے کے مستقل حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔وزیر اعلیٰ نے امیر پیٹ، بدھ نگر، میتری ونم‘اور بالکم پیٹ سمیت کئی متاثرہ کالونیوں کا معائنہ کیا۔
 بدھ نگر میں سیلابی پانی کے نکاسی نظام کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ضروری ہدایات دیں۔ بالکم پیٹ میں عوام سے ملاقات کے دوران وزیر اعلیٰ نے ہائیڈرا کمشنر اور دیگر افسران سے مسائل کی تفصیلات معلوم کیں۔
بدھ نگر میں وزیر اعلیٰ نے یہ بھی مشاہدہ کیا کہ کالونی کی سڑک کے مقابلے میں نکاسی آب کی نالی اونچی ہونے کی وجہ سے پانی کا بہاؤ متاثر ہو رہا ہے جس سے سیلاب کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے۔
 انہوں نے اس مسئلے کے فوری حل کی ہدایت دی۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے گنگو بائی بستی کنٹ کا بھی معائنہ کیا، جہاں مقامی افراد نے شکایت کی کہ کنٹ کا کچھ حصہ بھر کر پارکنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے افسران کو ہدایت دی کہ اس علاقے میں خصوصی ٹرنک لائن بچھا کر سیلاب کے مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے اور اس کے لیے فوری منصوبہ بندی کی جائے۔میتری ونم کے قریب بھی وزیر اعلیٰ نے وہ مقامات دیکھے جہاں بارش کے بعد بارہا پانی جمع ہو جاتا ہے اور مقامی رہائشیوں سے تفصیلات حاصل کیں۔
بدھ نگر میں وزیر اعلیٰ نے جشوَنت نامی ایک کمسن طالب علم سے ملاقات کی اور حالات کے بارے میں دریافت کیا۔ جشوَنت نے بتایا کہ وہ ساتویں جماعت کا طالب علم ہے اور حالیہ سیلابی پانی کے گھر میں داخل ہونے سے اس کی کتابیں خراب ہو گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے اسے یقین دلایا کہ آئندہ ایسے حالات پیدا نہ ہوں اس کے لیے مستقل اقدامات کیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ نے دورے کے بعد متعلقہ محکموں کو سیلابی مسائل کے حل کے لیے واضح ہدایات جاری کیں اور کہا کہ شہری انفراسٹرکچر کو بہتر بنا کر عوام کو اس پریشانی سے نجات دلانا حکومت کی ترجیح ہے