جگتیال ضلع : دھرم پوری کے مضافات میں تیندوے کی موجودگی کی تصدیق
جگتیال:۔10؍اگست
(زین نیوز)
جگتیال ضلع کے دھر م پوری قصبہ کے مضافاتی زرعی کھیتوں میں ہفتہ کے روز ایک زرعی مزدور کو تیندوا دکھائی دیا۔ پیر کو اسی مقام کے قریب پُرانے گِرِکلا واڑ کے ایک شخص نے بھی تیندوے کو دیکھنے کی اطلاع محکمہ جنگلات کے عملے کو دی۔ اطلاع ملتے ہی عملہ فوری طور پر وہاں پہنچا اور تیندوا تلاش کرنے کی کارروائی شروع کردی۔
محکمہ جنگلات کے اہلکار تیندوے کے پنجوں کے نشانات جمع کر رہے ہیں اور عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت دے رہے ہیں۔ مقامی فاریسٹ رینج آفیسر سریناتھ نے قصبہ اور مضافاتی علاقوں میں تیندوے کی آمد و رفت کی تصدیق محکمہ جنگلات نے اتوار کے روز کر دی۔
محکمہ کے حکام کے مطابق، زرعی مزدوروں اور مقامی افراد نے ہفتہ کے روز کھیتوں میں تیندوے کو گھومتے ہوئے دیکھنے کی اطلاع دی تھی۔حکام نے کہا کہ ناگارم، کملاپور، رامیا پلے اور دھر م پوری کے اطراف بسنے والے لوگ گروپ کی شکل میں کھیتوں اور دیگر کاموں کے لیے جائیں۔
عوام سے اپیل کی گئی کہ اگر تیندوہ نظر آئے تو اس پر حملہ نہ کریں۔مقامی زرعی مزدوروں کے مطابق، تیندوہ کملاپور کے مضافات، ناگارم، آکوسائی پلے اور نریلا گٹہ کے پہاڑی علاقوں سے آتا دیکھا گیا۔ دھر م پوری قصبہ میں محکمہ جنگلات کا رینج آفس موجود ہے، جہاں رینج افسر، سیکشن افسر، بیٹ افسر اور واچرز تعینات ہیں۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کملاپور روڈ پر پٹرول پمپ کے قریب سے اڈلا بانڈلا راستے کی طرف کھیتوں میں روزانہ کسان اور مزدور آتے جاتے ہیں، جہاں ہفتہ کے روز دن میں تیندوہ دیکھے جانے کی اطلاع ملی۔ تاہم، مقامی افراد کا الزام ہے کہ محکمہ جنگلات نے ابتدائی طور پر اس معاملے میں لاپرواہی کی اور پیشگی انتباہ نہیں دیا۔مقا
عوام نے مطالبہ کیاہے کہ، کملاپور، ناگارم، رامیا پلے اور دھر م پوری کے مضافات میں مائیک کے ذریعے تیندوہ کی موجودگی سے متعلق اعلانات کرنے کی ضرورت ہے۔ان دیہات میں آر ٹی سی بس سروس نہ ہونے کے باعث زیادہ تر لوگ پیدل، موٹر سائیکل یا آٹو رکشہ کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔
کل چونکہ شراون سوموار ہے، اس لیے پرانے شری اکا پَلی راج راجیشورا مندر میں بڑی تعداد میں عقیدت مند پیدل درشن کے لیے جائیں گے۔ اس صورتحال میں متعلقہ دیہات میں خصوصی حفاظتی انتظامات اور اعلانات کرنے پر زور دیا جا رہا ہے۔