Shah-rukh-khan-deepika-padukone

شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے خلاف ایف آئی آر در ج

تازہ خبر قومی
شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کے خلاف ایف آئی آر در ج
نئی دہلی؍بھرت پور:۔26؍اگست
 (انٹرنیٹ ڈیسک)
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ دیپیکا پڈوکون کے خلاف راجستھان کے بھرت پور شہر میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ دونوں فنکاروں پر ناکارہ گاڑیوں کی تشہیر کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر میں شاہ رخ اور دیپیکا کے ساتھ ہی ہیونڈائی کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر آنسو کم، کل وقتی ڈائریکٹر و چیف آپریٹنگ آفیسر ترون گرگ اور شو روم مالکان کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔
 عدالت نے بھرت پور کے رہائشی وکیل کیرتی سنگھ کی عرضی پر پولیس کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا تھا، جس کے بعد متھرا گیٹ تھانے میں کیس درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
کیرتی سنگھ نے ایف آئی آر میں الزام لگایا ہے کہ انہوں نے جون 2022 میں کمپنی کی ایک گاڑی 23 لاکھ 97 ہزار 353 روپے میں خریدی تھی، جس کے لیے ایچ ڈی بی فنانشل سروسز، بھرت پور سے 10 لاکھ 3 ہزار 699 روپے کا قرض لیا گیا، باقی رقم نقد ادا کی گئی۔
14 جون 2022 کو کار کی بلنگ مکمل کی گئی تھی۔ سنگھ کے مطابق، ہائی وے پر اوور ٹیک کرتے وقت گاڑی رفتار نہیں پکڑتی، صرف RPM بڑھ جاتا ہے جبکہ اوڈومیٹر پر خرابی کی علامت ظاہر ہونے لگتی ہے۔
 چھ سات ماہ بعد گاڑی میں انجن مینجمنٹ سسٹم سمیت کئی تکنیکی خرابیاں ظاہر ہوئیں، جس کے باعث متعدد بار حادثہ ہوتے ہوتے بچا۔
شکایت کنندہ کے مطابق، ایجنسی سے رابطہ کرنے پر بتایا گیا کہ گاڑی میں مینوفیکچرنگ خرابی ہے جسے درست نہیں کیا جا سکتا۔ شو روم کے ملازمین نے مشورہ دیا کہ "جب بھی مسئلہ ہو، گاڑی کسی محفوظ مقام پر پارک کریں اور انجن کو 2000 RPM پر تقریباً ایک گھنٹہ چلائیں، اس کے بعد خرابی کا نشان ختم ہو جائے گا۔
کیرتی سنگھ نے کہا کہ چونکہ شاہ رخ خان اور دیپیکا پڈوکون کمپنی کے برانڈ ایمبیسیڈر ہیں، اس لیے وہ بھی کمپنی کے نمائندے ہونے کے ناطے برابر کے ملزم ہیں۔متھرا گیٹ تھانے کے اے ایس آئی رادھا کشن کے مطابق، گاڑی کی خرابی کے حوالے سے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی تفتیش جاری ہے