جگتیال سے صحافیوں کی ریاست گیر سطح پر ” جنا چیتنیا یاترا ” کے ذریعہ جدوجہد کا آغاز
حکومت تاخیر نہ کرے، مسائل کی فوری یکسوئی کا مطالبہ۔ مامیڈی سومیّا
محمد عمران ضلعی صدر منتخب
جگتیال:۔ 26 اگست
(نمائندہ خصوصی)
تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن (TWJF) کے ریاستی صدر مامیڈی سومیّا نے کہا ہے کہ صحافیوں کے دیرینہ مسائل کے حل میں حکومت مزید تاخیر نہ کرے اور انہیں فوری طور پر حل کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کانگریس حکومت کو اقتدار سنبھالے ڈیڑھ سال گزر چکا ہے مگر صحافیوں کے مسائل تاحال حل نہیں ہوئے۔
مامیڈی سومیّا نے اعلان کیا کہ حکومت کے رویّے کے خلاف جلد ہی ریاست گیر سطح پر صحافیوں کی ’’جنا چیتنیا یاترا‘‘ (بیداری یاترا) نکالی جائے گی، جس کا آغاز جگتیال سے کیا جائے گا۔ وہ منگل کو جگتیال ضلع مرکز کے روبی فنکشن ہال میں منعقدہ TWJF کے ضلعی جنرل باڈی اجلاس اور صحافیوں کے شمولیتی پروگرام سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں اکثریت صحافیوں کی زندگی انتہائی کسمپرسی کا شکار ہے، بالخصوص منڈل سطح کے رپورٹرز کی حالت ابتر ہے۔ سابق حکومت نے دس برس تک صحافیوں کے مسائل کو نظرانداز کر کے دھوکہ دیا اور موجودہ حکومت بھی اسی روش پر چل رہی ہے۔
بعض صحافی تنظیموں پر الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ حکمرانوں کے قریب ہو کر مراعات حاصل کر رہی ہیں جبکہ اصل صحافیوں کو انصاف سے محروم رکھا جا رہا ہے۔مامیڈی سومیّا نے مطالبہ کیا کہ حکومت چھوٹی اور درمیانی سطح کی اہل اخبارات کو فوری طور پر ایمپینل کرے، نئے ایکریڈیشن کارڈز اور ہیلتھ کارڈز جاری کرے، کمیٹیوں کے نام پر وقت گزاری نہ کرے اور صحافیوں کے رہائشی پلاٹس کا مسئلہ عدالتوں کا بہانہ بنا کر مزید مؤخر نہ کرے۔
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ ریاست بھر سے دیگر تنظیموں کے صحافی بڑی تعداد میں TWJF میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں اور آئندہ دو تین ماہ میں ضلعی سطح پر اجلاس مکمل کر کے بڑے پیمانے پر ریاستی جنرل باڈی کا انعقاد کیا جائے گا۔
ضلع جگتیال میں شمولیتیں اور تنظیم کی مضبوطیاجلاس میں بتایا گیا کہ ٹی یو ڈبلیو جے اور آئی جے یو سے تعلق رکھنے والے کئی صحافی فیڈریشن میں شامل ہوئے جس سے تنظیم مزید مضبوط ہوئی۔
اس موقع پر آئی جے یو نیشنل کونسل رکن محمد عمران، کوٹگیری دشرتم، گنڈیٹی راجو سمیت دیگر رہنماؤں کو تنظیم میں خوش آمدید کہا گیا۔اجلاس سے ریاستی نائب صدور ولیالہ جگن، بندی وجئے کمار، ریاستی سکریٹری تننیرو سرینواس، آئی ایف ڈبلیو جے کے سکریٹری پولیپل انندھم، نیشنل کونسل رکن کودتاڑو باپو راؤ و دیگر نے خطاب کیا اور کہا کہ TWJF صحافیوں کے حقوق کے لیے مسلسل جدوجہد کرے گی اور انہیں حکمرانوں کے سامنے سر جھکانے کے بجائے آزادانہ اور باوقار کردار ادا کرنے پر ابھارے گی۔
اجلاس کی صدارت ضلعی صدر دیورہ سنجیو راجو نے کی۔ اس موقع پر نیشنل کونسل رکن جے پال، ریاستی کونسل رکن اینم کیشن ریڈی، ضلعی سکریٹری مینی راؤ، دیگر عہدیداران و درجنوں صحافی شریک ہوئے۔
تلنگانہ ورکنگ جرنلسٹس فیڈریشن جگتیال کے نئے ضلعی صدر کے طور پر محمد عمران (آندھرا پربھا ضلع بیورو) کو متفقہ طور پر منتخب کیا گیا۔ سابق صدر دیورہ سنجیو راجو نے اپنی مرضی سے عہدہ چھوڑ کر عمران کی حمایت میں اعلان کیا۔
اسی اجلاس میں دیورہ سنجیو راجو کو ریاستی کونسل کا رکن منتخب کیا گیا۔اس کے علاوہ کوٹگیری دشرتم کو ضلعی نائب صدر، گنڈیٹی راجو کو ثقافتی سکریٹری اور اکنی پلی وینو گوپال کو ایگزیکٹو کمیٹی رکن متفقہ طور پر منتخب کیا گیا۔اجلاس میں تقریباً سو سے زائد صحافی شریک ہوئے۔
