تلنگانہ میں موسلادھار بارشیں، بیشتر اضلاع میں ریڈ الرٹ
عوام شدید مشکلات دوچار ۔گھر میں رہنے کی ہدایت
حیدرآباد:۔27؍اگست
(زین نیوز)
خلیج بنگال کے شمال مغربی حصے میں کم دباؤ کے زیر اثر آئندہ 24 گھنٹوں میں طوفان کے اُڑیسہ ساحل تک پہنچنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اس کے اثر سے آئندہ تین روز تک تلنگانہ بھر میں طوفانی بارشیں برسنے کی امکان ہے۔
میدک اور کاماریڈی اضلاع میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا ہے جبکہ سنگاریڈی، سدی پیٹ، یادادری بھونگیر، جنگاؤں، ہنمکنڈہ، ورنگل، محبوب آباد، پداپلی، جیاشنکر بھوپالپلی اور مُلّوگو اضلاع میں آرینج الرٹ جاری ہے۔ دیگر اضلاع میں بھی بھاری بارش کے امکانات کے پیش نظر یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
ریاست بھر میں بارشوں کے نتیجے میں ندی نالے ابل پڑے، کئی مقامات پر سڑکیں زیر آب آگئیں اور ریل و روڈ ٹریفک متاثر ہوا۔ عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جبکہ مختلف اضلاع میں این ڈی آر ایف کی ٹیمیں راحت و بچاؤ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
میدک ضلع کے ہیویلی گھن پور علاقے میں نالے کے پانی میں پھنسے 10 افراد کو نکالنے کی کوششیں جاری ہیں۔ ایک آٹو پانی کے ریلے میں بہہ گیا تاہم دو افراد کود کر جان بچانے میں کامیاب رہے۔اسی ضلع میں نرینڈر گوڑ نامی شخص کار سمیت نالے میں پھنس گیا جسے نکالنے کے لیے این ڈی آر ایف کی ٹیمیں سرگرم ہیں۔
کاماریڈی ضلع میں بگگُوگڈسے واگو میں آٹھ بہاری مزدور پھنس گئے جن میں سے پانچ کو محفوظ نکال لیا گیا جبکہ تین کے لیے کشتی کے ذریعے آپریشن جاری رہا۔ بھاری بارش کے باعث تعلیمی اداروں کو ایک روزہ تعطیل کا اعلان کیا گیا۔
ضلع کے راجَم پیٹ میں 36 سینٹی میٹر، بھکنور میں 23، کاماریڈی میں 21 اور دومکنڈہ میں 20 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ دومکنڈہ میں نالے میں بہہ جانے والی کار میں موجود دو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔راجنا سِرِسلہ ضلع میں گمبھیراوپیٹ کے قریب مویشی چراتے پانچ افراد لاپتہ ہوگئے۔
مرکزی وزیر بَنڈی سنجے کمار نے کلکٹر سے بات کر کے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ مانیرُو واگو میں بھی ایک چرواہا پانی کے ریلے میں بہہ گیا جبکہ مزید پانچ کسانوں کو بچانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔سدی پیٹ ضلع میں لگاتار بارش سے ایک پولٹری فارم میں پانی بھر گیا جس سے دس ہزار مرغیاں ہلاک ہوگئیں۔
بھدرا دری کتہ گوڈم ضلع میں بھدرچلم پر گوداوری کا پانی 30.10 فٹ کی سطح پر پہنچ گیا ہے اور بہاؤ 4,41,424 کیوسیکس ریکارڈ کیا گیا ہے۔یادادری بھونگیر ضلع میں وَلّیگنڈ منڈل کے مقام پر مُوسی ندی کے اُبلنے سے سڑک سطح پل پر ٹریفک روک دی گئی اور پولیس نے حفاظتی اقدامات کے طور پر رکاوٹیں کھڑی کردیں۔
ریاست کے تمام متاثرہ اضلاع میں این ڈی آر ایف اور مقامی انتظامیہ بڑے پیمانے پر راحتی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ حکومت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر نہ کریں۔