جگتیال منڈل کےموضع دھروُر میں چار گھروں میں چوری کی واردات
لاکھ 70 ہزار روپے نقدی‘ سونے اور چاندی کے زیوارت کا سرقہ
جگتیال:۔13؍اکتوبر
(نمائندہ خصوصی)
جگتیال اربن منڈل کے دھروُر گاؤں میں چوروں نے ایک ہی رات میں تالے توڑ کر چار گھروں میں چوری کی واردات انجام دی۔ واردات کے وقت تمام گھر والے اپنے اپنے کاموں سے باہر گئے ہوئے تھے۔تفصیلات کے مطابق، دبئی میں مقیم یننم پلی سرینواس کے گھر سے اُس وقت چوری کی گئی جب اُن کی اہلیہ گھر پر موجود نہیں تھیں۔
چور تقریباً 41 تولے چاندی کے زیورات، پونے تین تولے سونا اور 1500 روپے نقدی لے گئے۔اسی گاؤں میں شیخ شبانہ کے گھر سے، جو بھائنسہ گئی ہوئی تھیں، چوروں نے ساڑھے تین تولے سونا، 12 تولے چاندی اور 50 ہزار روپے نقدی چرا لیے۔
اسی محلے میں دھیگالا نریش اپنی اہلیہ کے ساتھ سسرال گئے ہوئے تھے، ان کے گھر سے ایک تولہ اور پاؤ سونا، تین سونے کی چینیں (ہر ایک آدھ تولہ وزن کی) اور 1 لاکھ 70 ہزار روپے نقدی چرا لیے گئے۔اسی طرح منتنی کویتا کے گھر سے بھی چوروں نے چار بچوں کی سونے کی انگوٹھیاں، آدھ تولے کی چین، ساڑھے تین ماشے کی دو انگوٹھیاں اور پاؤ تولہ سونا چرا لیا۔
اطلاع ملتے ہی جگتیال رورل سی آئی سُدھاکر موقع پر پہنچ کر تمام متاثرہ گھروں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تیزی سے تفتیش کر رہی ہے اور جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا جائے گا۔