چیف جسٹس کے ایک لفظ سے اٹھنے والا طوفان: “کاکروچ جنتا پارٹی” کا غیر معمولی ابھار

تازہ خبر مضامین
چیف جسٹس کے ایک لفظ سے اٹھنے والا طوفان: “کاکروچ جنتا پارٹی” کا غیر معمولی ابھار
کاکروچ سے انقلاب تک: ہندوستانی نوجوانوں کی نئی ڈیجیٹل بغاو ت
سوشل میڈیا سے سڑکوں تک: “کاکروچ جنتا پارٹی” کیوں موضوعِ بحث بنی؟“
کاکروچ جنتا پارٹی — طنزیہ احتجاج سے سیاسی و سماجی بیانیے تک کا سفر
زین نیوزZAIN NEWS

ازتحریر :  عمرا ن زین

ایڈیٹر زین نیوز
ہندوستان میں عدلیہ ہمیشہ وقار، احتیاط اور متوازن زبان کی علامت سمجھی جاتی رہی ہے۔ سپریم کورٹ کے ججوں کے الفاظ صرف عدالتی ریمارکس نہیں ہوتے بلکہ وہ عوامی رائے، سیاسی ماحول اور سماجی مباحث پر بھی گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ حالیہ دنوں میں چیف جسٹس سوریہ کانت کے ایک متنازع بیان نے پورے ملک میں نئی بحث چھیڑ دی، جب میڈیا اور سوشل میڈیا پر یہ تاثر عام ہوگیا کہ انہوں نے نوجوانوں کو “کاکروچ” سے تشبیہ دی ہے۔
بعد میں چیف جسٹس سوریہ کانت کی جانب سے وضاحت دی گئی کہ ان کے ریمارکس عام نوجوانوں کیلئے نہیں بلکہ اُن عناصر کیلئے تھے جو جعلی ڈگریوں، جھوٹے دعووں اور نظام کے غلط استعمال کے ذریعے اداروں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ مگر تب تک یہ معاملہ سوشل میڈیا پر ایک علامتی تحریک کی شکل اختیار کرچکا تھا۔ نوجوانوں کے ایک طبقے نے طنزیہ انداز میں خود کو “زیڈ جنریشن کاکروچز” کہنا شروع کردیا اور دیکھتے ہی دیکھتے “کاکروچ جنتا پارٹی” کے نام سے ایک غیر رسمی ڈیجیٹل و سماجی تحریک زیر بحث آگئی۔
غیر جانبدار قومی اخبارات اور معتبر ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق یہ تنازع اُس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب چیف جسٹس کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹاکر وائرل کیا گیا۔ ہندوستان ٹائمز، انڈین ایکسپریس، دی ہندو، ٹائمز آف انڈیا، دی وائر، اسکرول، این ڈی ٹی وی اور انڈیا ٹوڈے جیسے اداروں نے اپنی رپورٹوں میں واضح کیا کہ چیف جسٹس کا اشارہ عام نوجوانوں کی طرف نہیں تھا بلکہ اُن عناصر کی طرف تھا جو جعلی ڈگریوں، فرضی دعووں اور ادارہ جاتی بدعنوانیوں کے ذریعے نظام کو نقصان پہنچارہے ہیں۔
دی ہندو کے قانونی تجزیہ نگاروں نے لکھا کہ اصل مسئلہ صرف ایک لفظ نہیں بلکہ نوجوانوں کے اندر بڑھتی ہوئی بے یقینی، بے اعتمادی اور مستقبل کے خوف کا اظہار ہے۔ انڈین ایکسپریس کے مبصرین کے مطابق ملک کا نوجوان طبقہ پہلے ہی بے روزگاری، امتحانی بدعنوانیوں، پرچہ لیک اسکینڈلوں اور معاشی غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے، اس لئے اس قسم کے الفاظ فوری جذباتی ردعمل پیدا کرتے ہیں۔دی وائر اور اسکرول جیسے آزاد ڈیجیٹل پلیٹ فارمز نے اپنے مضامین میں اس پہلو پر زور دیا کہ موجودہ زیڈ جنریشن روایتی احتجاج کے بجائے ڈیجیٹل مزاح، میمز، طنزیہ علامتوں اور سوشل میڈیا مہمات کے ذریعے اپنی رائے کا اظہار کررہی ہے۔ بعض تجزیہ نگاروں نے اسے “میم کلچر کی سیاست” قرار دیا، جہاں ایک لفظ یا طنزیہ جملہ پورے احتجاجی بیانیے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔
سوشل میڈیا پر معاملہ اس وقت مزید شدت اختیار کرگیا جب مختلف نوجوانوں نے “کاکروچ” لفظ کو توہین کے بجائے مزاحمتی علامت میں تبدیل کرنا شروع کردیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے “کاکروچ جنتا پارٹی” کے نام سے پوسٹرز، ویڈیوز، میمز اور ڈیجیٹل مہمات وائرل ہونے لگیں۔ ان پوسٹروں میں “یہ صرف ایک پارٹی نہیں، یہ ہماری آواز ہے”، “اپنی آواز بلند کرو، تبدیلی بنو”، “ہم یہاں شہرت کیلئے نہیں، تبدیلی کیلئے ہیں” اور “آواز عوام کی، طاقت عوام کی” جیسے نعرے نوجوانوں میں تیزی سے مقبول ہوئے۔“
کاکروچ جنتا پارٹی” کے باقاعدہ ڈیجیٹل آغاز کا سہرا 16 مئی کو بوسٹن یونیورسٹی کے طالب علم اور سابق عام آدمی پارٹی سوشل میڈیا رضاکار ابھجیت دپکے کے سر باندھا جارہا ہے۔ ابھجیت دپکے کے بارے میں مختلف ڈیجیٹل پوسٹس میں یہ تفصیلات بھی سامنے آئیں کہ وہ تقریباً تیس سالہ سیاسی کمیونیکیشن اسٹریٹجسٹ ہیں، جن کا تعلق مہاراشٹر سے بتایا جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ انہوں نے پونے میں جرنلزم کی تعلیم مکمل کی جبکہ بعد میں بوسٹن یونیورسٹی سے تعلقاتِ عامہ میں ماسٹرز کیا۔
 بعض سیاسی تبصروں کے مطابق وہ 2021–22 کے دوران عام آدمی پارٹی کی ڈیجیٹل تشہیری ٹیم سے بھی وابستہ رہے اور میم بیسڈ سیاسی مہمات پر کام کرتے رہے۔ابھجیت دپکے نے ایکس پر ایک مختصر سوال پوسٹ کیا:اگر تمام کاکروچ اکٹھے ہو جائیں تو کیا ہو؟”یہ مختصر جملہ چند گھنٹوں میں وائرل ہوگیا۔ فوراً بعد گوگل فارم اور ویب سائٹ کے ذریعے ممبرشپ مہم شروع ہوئی اور ہزاروں نوجوان اس سے جڑنے لگے۔
میڈیا رپورٹس اور پارٹی کے اپنے دعووں کے مطابق صرف چند دنوں میں اس تحریک سے چالیس ہزار سے ایک لاکھ سے زائد نوجوان وابستہ ہوگئے، جبکہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس کے فالوورز کی تعداد حیران کن رفتار سے بڑھی۔تادمِ تحریر “کاکروچ جنتا پارٹی” سے وابستہ مختلف سوشل میڈیا صفحات کے مجموعی فالوورز کی تعداد تقریباً 22ملین سے تجاوز کرنے کے دعوے کیے جارہے ہیں، جبکہ تحریک کے حامیوں کا کہنا ہے کہ مضمون کی اشاعت تک یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔
سوشل میڈیا مبصرین نے اس بات کو بھی غیر معمولی قرار دیا کہ ہندوستان کی بڑی سیاسی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے بعض پلیٹ فارمز پر تقریباً 8.6 ملین فالوورز تھے بی جے پی نے 1 ملین بڑھائے ہیں اب 9.1 ہیں، جبکہ “کاکروچ جنتا پارٹی” کے ڈیجیٹل نیٹ ورک نے مختصر عرصے میں اس تعداد کو پیچھے چھوڑنے کا دعویٰ کیا۔اسی دوران مختلف سیاسی و سماجی حلقوں سے وابستہ کئی سوشل میڈیا انفلونسرز، یوٹیوبرز، طلبہ کارکنان اور ڈیجیٹل ایکٹوسٹس نے اس تحریک کی حمایت یا تشہیر شروع کردی۔ جرمنی میں مقیم معروف یوٹیوبر اور سیاسی تبصرہ نگار دھرو راٹھی کا نام بھی ان شخصیات میں لیا جارہا ہے جنہوں نے نوجوانوں کی ڈیجیٹل مزاحمتی سیاست اور اظہارِ رائے کے حق پر گفتگو کی۔اسی دوران اس تحریک کے بین الاقوامی اور اوورسیز روابط پر بھی بحث شدت اختیار کرگئی۔
 سوشل میڈیا اور سیاسی مبصرین کی جانب سے خاص طور پر تین شخصیات کا ذکر بار بار سامنے آنے لگاجرمنی میں دھرو راٹھی، امریکہ میں ابھجیت دپکے، اور برطانیہ میں ارپت شرما — وہ اوورسیز تین شخصیات جو ہندوستان کی وائرل ‘کاکروچ جنتا پارٹی’ کو عالمی سطح پر تقویت دے رہی ہیں۔”اس جملے کو بنیاد بناکر متعدد سیاسی تبصرہ نگاروں، یوٹیوب چینلز اور سوشل میڈیا صارفین نے یہ دعویٰ کیا کہ “کاکروچ جنتا پارٹی” کی ڈیجیٹل مقبولیت کو بیرونِ ملک مقیم ہندوستانی نژاد انفلوئنسرز اور ڈیجیٹل ایکٹوسٹس بھی تقویت دے رہے ہیں۔
جرمنی میں مقیم دھرو راٹھی کی ویڈیوز اور سیاسی تبصرے پہلے ہی نوجوانوں میں غیر معمولی مقبولیت رکھتے ہیں۔ سوشل میڈیا پر متعدد صارفین نے دعویٰ کیا کہ دھرو راٹھی کے تبصروں اور ویڈیوز نے نوجوانوں میں احتجاجی بیانیوں کو مزید تقویت دی، اگرچہ انہوں نے باضابطہ طور پر پارٹی قیادت کا حصہ ہونے کا اعلان نہیں کیا۔اسی طرح امریکہ میں مقیم ابھجیت دپکے کو اس پوری ڈیجیٹل تحریک کا مرکزی معمار قرار دیا جارہا ہے۔ ناقدین کے مطابق تحریک کی حیران کن آن لائن مقبولیت کے پیچھے ایک منظم ڈیجیٹل نیٹ ورک، تعلقاتِ عامہ کی حکمتِ عملی اور الگورتھمک تشہیر بھی کارفرما ہوسکتی ہے، جبکہ حامی اسے نوجوانوں کی بے چینی اور جذباتی ردعمل کا اظہار قرار دیتے ہیں۔
برطانیہ میں مقیم ارپت شرما کا نام بھی اس سلسلے میں سامنے آیا، جنہیں بعض ڈیجیٹل حلقے “اوورسیز سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر” یا “آن لائن ایمپلیفائر” کے طور پر بیان کررہے ہیں۔ مختلف سوشل میڈیا پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ برطانیہ، امریکہ اور یورپ میں مقیم بعض  نوجوان اس تحریک کی عالمی سطح پر تشہیر، ہیش ٹیگ مہمات اور ڈیجیٹل مواد کی تیاری میں کردار ادا کررہے ہیں۔
سیاسی ناقدین کا کہنا ہے کہ اس پورے معاملے نے یہ سوال بھی کھڑا کردیا ہے کہ ہندوستان کی نئی ڈیجیٹل سیاست پر بیرونِ ملک مقیم انفلوئنسرز اور این آر آئی نیٹ ورکس کس حد تک اثرانداز ہورہے ہیں۔ بعض حلقوں نے اسے “ڈیجیٹل اوورسیز ایکٹوازم” قرار دیا، جبکہ دوسرے مبصرین کے مطابق یہ صرف عالمی سطح پر جڑے ہوئے زیڈ جنریشن نوجوانوں کی نئی آن لائن ثقافت ہے، جہاں سرحدوں سے زیادہ سوشل میڈیا نیٹ ورک اہم بن چکے ہیں۔“
کاکروچ جنتا پارٹی” کے حامی اس تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ اگر بیرونِ ملک مقیم ہندوستانی نوجوان ہندوستانی سماجی مسائل، بے روزگاری، امتحانی بدعنوانیوں اور اظہارِ رائے کی آزادی پر بات کرتے ہیں تو اسے غیر ملکی مداخلت نہیں بلکہ “عالمی ہندوستانی نوجوان آواز” سمجھا جانا چاہئے۔اس پورے تنازع اور ڈیجیٹل تحریک نے اب بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کی بھی توجہ حاصل کرنا شروع کردی ہے۔
 مختلف عالمی میڈیا پلیٹ فارمز، جنوبی ایشیائی امور پر نظر رکھنے والے یوٹیوب چینلز، اور بیرونِ ملک مقیم ہندوستانی نژاد ڈیجیٹل تجزیہ نگاروں نے “کاکروچ جنتا پارٹی” کو ہندوستان میں ابھرتی ہوئی نئی ڈیجیٹل نوجوان سیاست کی علامت قرار دیا ہے۔بعض بین الاقوامی مبصرین نے اس تحریک کو “میم بیسڈ پاپولر پولیٹکس” اور “ڈیجیٹل ریزسٹنس کلچر” کی مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی نوجوان اب روایتی سیاسی نعروں کے بجائے طنز، میمز، وائرل ویڈیوز اور آن لائن مہمات کے ذریعے اپنے غصے اور بے چینی کا اظہار کررہے ہیں۔
غیر ملکی سوشل میڈیا مبصرین نے خاص طور پر اس بات کو غیر معمولی قرار دیا کہ ایک طنزیہ لفظ سے شروع ہونے والی آن لائن مہم چند ہی دنوں میں کروڑوں سوشل میڈیا فالوورز، عالمی ہیش ٹیگ مہمات اور بین الاقوامی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ بعض عالمی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر “کاکروچ جنتا پارٹی” کو ہندوستان کی “پہلی مکمل میم جنریشن سیاسی تحریک” بھی کہا گیا۔
جرمنی، امریکہ، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں مقیم بھارتی نوجوانوں نے بھی اس تحریک سے متعلق ہیش ٹیگز، ویڈیوز اور مباحث کو عالمی سطح پر وائرل کرنے میں کردار ادا کیا۔ یہی وجہ ہے کہ اب یہ معاملہ صرف ہندوستانی سوشل میڈیا تک محدود نہیں رہا بلکہ اسے عالمی ڈیجیٹل سیاست اور نوجوانوں کی آن لائن مزاحمتی ثقافت کی ایک نئی مثال کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔
کئی سیاسی مبصرین کے مطابق “کاکروچ جنتا پارٹی” نے یہ ثابت کردیا کہ موجودہ دور میں کوئی بھی مقامی ڈیجیٹل تحریک چند ہی دنوں میں بین الاقوامی مباحث کا حصہ بن سکتی ہے، خصوصاً جب اس میں نوجوانوں کا غصہ، سوشل میڈیا کی طاقت، وائرل کلچر اور سیاسی طنز ایک ساتھ شامل ہوجائیں۔
کئی وائرل پوسٹروں اور ڈیجیٹل مہمات میں مختلف پیشہ ور افراد بھی اس تحریک کے ساتھ جڑتے دکھائی دیے۔ انہی میں گجرات ہائی کورٹ کی وکیل ڈاکٹر آرتی بھیل کا نام بھی سامنے آیا، جنہوں نے مبینہ طور پر “کاکروچ” تحریک سے وابستہ نوجوانوں کیلئے مفت قانونی مدد اور قانونی مشاورت کی پیشکش کی۔تحریک کے بڑھتے ہوئے اثر کے ساتھ اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی مسلسل خبروں میں رہے۔ تحریک سے وابستہ کارکنوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے متعدد انسٹاگرام صفحات، بعض فیس بک گروپس اور کئی عارضی ڈیجیٹل چینلز کو رپورٹنگ یا پالیسی کارروائیوں کے بعد محدود یا معطل کردیا گیا۔
خاص طور پر اس وقت تنازع مزید بڑھا جب تحریک کے کارکنوں نے الزام لگایا کہ ان کا مرکزی انسٹاگرام اکاؤنٹ اُس وقت بند کردیا گیا جب “کاکروچ تھیم سانگ” سات لاکھ سے زائد ویوز اور ایک لاکھ سے زیادہ لائکس حاصل کرچکا تھا۔تحریک سے وابستہ اکاؤنٹس پر ایک بیان وائرل ہوااکاؤنٹس معطل کرنے سے کاکروچ تحریک خاموش نہیں ہوگی۔
ہمارا انسٹاگرام اکاؤنٹ اُس وقت بند کردیا گیا جب ہمارا کاکروچ تھیم سانگ سات لاکھ سے زیادہ ویوز اور ایک لاکھ سے زائد لائکس حاصل کرچکا تھا۔لوگ ‘میں بھی کاکروچ ہوں’ کے نام سے شامل ہورہے تھے اور میٹا نے ہمیں بند کردیااس بیان کے بعد “وی آر کاکروچ”، “آئی ایم کاکروچ” اور “کاکروچ جنتا پارٹی” جیسے ہیش ٹیگز ٹرینڈ کرنے لگے۔ تحریک کے حامیوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی ڈیجیٹل آواز دبانے کی کوشش کی جارہی ہے، جبکہ مخالفین نے کہا کہ میٹا کی کارروائیاں ممکنہ طور پر اسپام، غیر معمولی سرگرمی یا پالیسی خلاف ورزیوں کے باعث ہوسکتی ہیں۔
میٹا کی جانب سے باضابطہ طور پر کسی سیاسی بنیاد پر پابندی کی تصدیق سامنے نہیں آئی، تاہم اس واقعے نے آزادیٔ اظہار، سوشل میڈیا سنسرشپ اور ڈیجیٹل تحریکوں کے مستقبل پر نئی بحث چھیڑ دی۔ اس کے بعد تحریک سے وابستہ نوجوانوں نے نئے انسٹاگرام صفحات، ٹیلیگرام چینلز اور ایکس اکاؤنٹس قائم کیے اور اعلان کیا:اکاؤنٹس بند ہوسکتے ہیں، مگر آواز نہیں۔“کاکروچ جنتا پارٹی” نے بعد ازاں اپنا ایک پانچ نکاتی ایجنڈہ بھی جاری کیا، جس نے سوشل میڈیا پر زبردست بحث کو جنم دیا۔
اس ایجنڈے میں عدلیہ، انتخابی نظام، خواتین کی نمائندگی، میڈیا اور سیاسی وفاداریوں سے متعلق سخت اور متنازع تجاویز شامل تھیں۔1۔ ججوں کیلئے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاسی انعامات کا خاتمہاس نکتے کے تحت مطالبہ کیا گیا کہ کسی بھی چیف جسٹس کو ریٹائرمنٹ کے بعد راجیہ سبھا کی نشست یا کوئی سیاسی عہدہ نہ دیا جائے، تاکہ عدلیہ کی مکمل غیر جانبداری برقرار رہے۔2۔ ہر جائز ووٹ کا مکمل تحفظاس ایجنڈے میں کہا گیا کہ اگر کسی بھی شہری کا جائز ووٹ حذف کیا جائے تو ذمہ دار اداروں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہئے۔
 اس نکتے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون جیسے سخت قانون کا حوالہ بھی دیا گیا، جس پر بعض حلقوں نے شدید تنقید کی۔3۔ خواتین کیلئے پچاس فیصد ریزرویشناس کے تحت مطالبہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ اور کابینہ میں خواتین کو تینتیس فیصد نہیں بلکہ مکمل پچاس فیصد نمائندگی دی جائے۔4۔ گودی میڈیا نہیں، آزاد اور خودمختار صحافتاس نکتے میں الزام لگایا گیا کہ بڑے کارپوریٹ گروپس کے زیر اثر میڈیا ادارے آزاد صحافت کو نقصان پہنچارہے ہیں۔
 اسی لئے بعض بڑے میڈیا ہاؤسز کے لائسنس منسوخ کرنے اور معروف اینکروں کے مالی معاملات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔5۔ سیاسی وفاداری تبدیل کرنے والوں پر بیس سالہ پابندیاس تجویز کے مطابق جو بھی رکن اسمبلی یا رکن پارلیمنٹ پارٹی تبدیل کرے، اس پر بیس سال تک الیکشن لڑنے اور عوامی عہدہ رکھنے پر پابندی ہونی چاہئے۔
اس پانچ نکاتی ایجنڈے نے “کاکروچ جنتا پارٹی” کو صرف ایک طنزیہ ڈیجیٹل تحریک کے بجائے ایک باقاعدہ سیاسی و سماجی بیانیے میں تبدیل کردیا۔ بعض نوجوانوں نے اسے “نئی نسل کی بے باک سیاست” قرار دیا، جبکہ ناقدین نے اسے جذباتی، غیر حقیقت پسندانہ اور شدت پسندانہ تجاویز پر مبنی قرار دیا۔اس تحریک کی سب سے حیران کن بات یہ رہی کہ نوجوانوں نے صرف احتجاج پر اکتفا نہیں کیا بلکہ سماجی خدمت کی جانب قدم بڑھایا۔
 مختلف میڈیا رپورٹوں کے مطابق کئی شہروں میں نوجوانوں نے گلیوں اور محلوں کی صفائی، پلاسٹک کچرے کی صفائی، دیواروں سے غیر قانونی پوسٹر ہٹانے اور عوامی مقامات کی صفائی جیسی سرگرمیاں شروع کیں۔ بعض مقامات پر نوجوانوں نے “کاکروچ صفائی مہم” کے نام سے علامتی مہم چلائی، جس کا مقصد یہ پیغام دینا تھا کہ اصل گندگی معاشرتی بدعنوانی، نفرت اور بے حسی ہے۔تحریک سے وابستہ رضاکاروں نے غریب بچوں میں کتابیں تقسیم کرنے، خون عطیہ کیمپ لگانے، بے گھر افراد میں کھانا تقسیم کرنے اور سرکاری اسکولوں میں صفائی مہم چلانے جیسے کام بھی شروع کیے ہیں۔
 بعض مقامی اخبارات کے مطابق کچھ نوجوانوں نے بے روزگار گریجویٹس کیلئے مفت آن لائن رہنمائی سیشن، امتحانی تیاری گروپس اور ذہنی دباؤ سے نمٹنے کیلئے مشاورتی نشستوں کا بھی آغاز کیا ہے۔سیاسی مبصرین کے مطابق یہ تحریک روایتی سیاست سے مختلف ہے۔ یہاں نہ کوئی بڑا رہنما ہے، نہ روایتی منشور، نہ جلسے جلوسوں کی سیاست۔ بلکہ یہ “ڈیجیٹل دور کی سماجی سیاست” کی ایک نئی مثال بن رہی ہے، جہاں نوجوان طنز کو احتجاج، مزاحیہ تصاویر کو پیغام، اور سماجی خدمت کو مزاحمت کے طور پر استعمال کررہے ہیں۔
یہ واقعہ اب صرف ایک عدالتی بیان کا تنازع نہیں رہا۔ اس نے ہندوستانی نوجوانوں کے اندر موجود بے چینی، بے روزگاری، نظام سے ناراضی اور اظہار کی نئی خواہش کو نمایاں کردیا ہے۔ “کاکروچ جنتا پارٹی” شاید آج ایک علامتی نام ہو، مگر اس نے ثابت کردیا کہ نئی نسل اپنے خلاف استعمال ہونے والے الفاظ کو بھی مزاحمت، طنز اور سماجی خدمت کی طاقت میں بدل سکتی ہے۔