اردو گھر کی تعمیری کا کام کا سنگ بنیاد، اردو صحافی نظرانداز!

تازہ خبر تلنگانہ

اردو گھر کی تعمیری کا کام کا سنگ بنیاد، اردو صحافی نظرانداز!
75 لاکھ روپے کی لاگت سے دوبارہ سنگِ بنیاد، تین سال گزرنے کے باوجود سابقہ تعمیر بنیادوں سے آگے نہ بڑھ سکی
جگتیال، 30 اکتوبر
(زین نیوز)

اردو کی خدمت کے دعوے کرنے والوں کی کمی نہیں، اردو کے نام پر تقریبات سجانے والوں کی بھی کمی نہیں؛ لیکن افسوس کہ جب اردو کی نمائندگی اور اردو صحافت کو عزت و وقار دینے کا موقع آتا ہے تو یہی دعوے دار اردو صحافیوں کو نظرانداز کرنا ضروری سمجھتے ہیں۔اردو اکیڈمی تلنگانہ کے زیرِ اہتمام چلائے جانے والے اردو گھر جگتیال کی تعمیرِ جدید کے لیے آج 75 لاکھ روپے کی لاگت سے رکنِ اسمبلی جگتیال ڈاکٹر ایم سنجے کمار کے ہاتھوں دوبارہ سنگِ بنیاد رکھا گیا۔

بظاہر یہ اردو کے فروغ اور ترقی کی جانب ایک قدم ہے، لیکن افسوس کہ اردو کے نام پر منعقد ہونے والی اس تقریب میں کسی بھی اردو صحافی کو مدعو کرنا شاید رکنِ اسمبلی، اقلیتی قائدین اور اردو گھر کے ذمہ داران نے ضروری نہیں سمجھا۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان کے نزدیک اردو گھر کی تقریب میں اردو صحافیوں کی موجودگی سے زیادہ اہمیت رسمی کارروائیوں اور فوٹو سیشن کو حاصل ہے۔

ایسے موقع پر یہ شعر موزوں لگتا ہے
چراغِ اردو جلانے والے یہ بھول بیٹھے ہیں
کہ جن کے دم سے ہے روشنی،

انہی کو محفل سے دور رکھا!*
واہ رے اردو کی خدمت! عمارت اردو کے نام پر، سنگِ بنیاد اردو کے نام پر، دعوے اردو کی بقا اور ترقی کے، مگر اردو صحافیوں کے لیے دعوت نامہ تک نہیں! سوال یہ ہے کہ اردو گھر کی عمارت تعمیر کی جا رہی ہے یا اردو صحافت کو نظرانداز کرنے کی روایت کو مزید مضبوط کیا جا رہا ہے؟ اردو کی آواز عوام تک پہنچانے والے صحافیوں کو ہی اردو کے نام پر منعقد ہونے والی تقریب سے دور رکھنا آخر کس نوعیت کی اردو نوازی ہے؟

یاد رکھیے! عمارتوں کے سنگِ بنیاد بار بار رکھے جا سکتے ہیں، لیکن اردو کی خدمت کے نام پر اردو صحافیوں کی بے توقیری کا جو تاثر قائم ہوتا ہے، اسے مٹانا اتنا آسان نہیں۔ بصورتِ دیگر 75 لاکھ روپے کی عمارت تو شاید کھڑی ہو جائے، مگر اردو کی خدمت کے دعوے بدستور سوالات کی زد میں رہیں گے
واضح رہے کہ 9 جون 2023 کو سی ڈی پی فنڈ سے 20 لاکھ روپے کی لاگت سے اردو گھر کی تعمیر کا سنگِ بنیاد رکھا گیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت اب تک 20 لاکھ روپے خرچ کیے جا چکے ہیں، لیکن افسوس کہ تین سال سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود عمارت کی تعمیر بنیادوں سے آگے نہ بڑھ سکی۔ تعمیراتی مقام پر صرف بنیادوں کی کھدائی، ستونوں کی ابتدائی تعمیر اور لوہے کی سلاخیں نصب کرنے کا کام ہی انجام دیا گیا۔

حیرت کی بات یہ ہے کہ حکام کے مطابق منظورہ 20 لاکھ روپے کی مکمل رقم ابتدائی بنیادوں کے کام پر ہی خرچ ہو چکی ہے۔ ادھوری عمارت کی تکمیل کے لیے مزید 75 لاکھ روپے منظور کیے گئے ہیں، جس کے بعد آج دوبارہ رکنِ اسمبلی ڈاکٹر ایم سنجے کمار کے ہاتھوں سنگِ بنیاد رکھا گیا۔ اس طرح اردو گھر کی تعمیر کے لیے منظورہ مجموعی رقم 95 لاکھ روپے تک پہنچ گئی ہے۔

عوام میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ اردو گھر کی تعمیر گزشتہ تین سال سے تعطل کا شکار ہے۔ اب جبکہ مزید 75 لاکھ روپے منظور کرتے ہوئے دوبارہ سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا ہے، تو عوام یہ جاننا چاہتے ہیں کہ عمارت کی تعمیر کس طرز پر اور کتنی مدت میں مکمل ہوگی؟ کیا اس بار تعمیراتی کام عملی طور پر آگے بڑھے گا یا یہ منصوبہ بھی سنگِ بنیاد اور اعلانات تک ہی محدود ہو کر رہ جائے گا؟اردو گھر کی تعمیر صرف عمارت کھڑی کرنے کا نام نہیں، بلکہ اردو زبان، اس کے فروغ اور اس سے وابستہ اہلِ ذوق قلم و صحافت کو عزت دینے کا بھی تقاضا کرتی ہے۔