مولانا آزاد کے یومِ پیدائش پر یومِ اقلیتی بہبود بھی محض رسمی کارروائی
جگتیال کلکٹریٹ میں تصویر پر گل پوشی تک محدود
جگتیال:۔11/نومبر
(زین نیوز)
ملک کے پہلے مرکزی وزیرتعلیم، ممتاز مجاہدِ آزادی اور بھارت رتن مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش 11 نومبر کو ملک بھر میں یومِ قومی تعلیم کے ساتھ تلنگانہ میں یومِ اقلیتی بہبود کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصد مولانا آزاد کی تعلیمی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ اقلیتوں کی تعلیمی، سماجی اور معاشی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لینا بھی ہے، لیکن ضلع جگتیال میں اس مرتبہ یومِ اقلیتی بہبود کی تقریب محض ایک رسمی کارروائی بن کر رہ گئی۔
ضلع کلکٹریٹ میں محکمہ اقلیتی بہبود کے زیرِ اہتمام منعقدہ پروگرام میں مولانا آزاد کی تصویر پر پھولوں کا ہار چڑھا کر خراجِ عقیدت پیش کیا گیا اور چند عہدیداروں کی شرکت کے ساتھ تقریب کی کارروائی مکمل کرلی گئی۔ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکاری پریس نوٹ کے مطابق چہارشنبہ کے روز کلکٹریٹ میں مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر تقریب منعقد کی گئی۔
اس موقع پر ضلع اقلیتی بہبود ؍ ریونیو آفیسر کے وائی پرساد نے مولانا آزاد کی تعلیمی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آزاد ہندوستان میں تعلیمی ترقی کی بنیادیں مضبوط کیں۔ وہ ملک کے پہلے مرکزی وزیرِ تعلیم تھے اور تقریباً گیارہ برس تک اس عہدے پر فائز رہتے ہوئے تعلیمی نظام کی ترقی کے لیے نمایاں خدمات انجام دیں۔تقریب میں کلکٹریٹ کے اے او کشن، سپرنٹنڈنٹ جیوتی، مختلف محکموں کے عہدیداروں اور کلکٹریٹ کے عملے نے شرکت کی۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق ایڈیشنل کلکٹر (ریونیو) این پرسنبھا پروگرام میں تاخیر سے پہنچیں۔
انہوں نے مولانا ابوالکلام آزاد کی تصویر پر گل پوشی کی اور اس موقع پر تصویر کشی بھی کی گئی۔ تاہم وہ پروگرام کی اصل کارروائی میں شریک نہیں ہو سکیں۔ دوسری جانب ضلع کلکٹر اور جوائنٹ کلکٹر بھی تقریب میں شریک نہیں ہوئے۔ یومِ اقلیتی بہبود جیسے اہم سرکاری موقع پر ضلع کی اعلیٰ انتظامی قیادت کی عدم موجودگی اور اہم عہدیدار کی تاخیر سے آمد بھی انتظامیہ کی جانب سے اس دن کو دی جانے والی اہمیت کے حوالے سے سوالات پیدا کرتی ہے۔قابلِ ذکر ہے کہ بی آر ایس حکومت کے دورِ اقتدار میں ہر سال 11 نومبر کو مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے یومِ اقلیتی بہبود اور یومِ قومی تعلیم کی تقریبات باقاعدہ بڑے پیمانے پر منعقد کی جاتی تھیں۔
اس مرتبہ ضلع جگتیال میں تقریب کا دائرہ صرف مولانا آزاد کی تصویر پر گل پوشی اور چند عہدیداروں کی شرکت تک محدود رہا۔ نہ کوئی بڑا پروگرام منعقد کیا گیا، نہ اقلیتی مسائل پر گفتگو ہوئی اور نہ ہی اردو صحافیوں کو مدعو کیا گیا۔سوال یہ ہے کہ جب ہر سال اس دن کو بڑے پیمانے پر منانے کی روایت رہی ہے تو اس مرتبہ ضلع جگتیال میں اسے محض خانہ پُری تک محدود رکھنے کی وجہ کیا ہے؟ کیا یومِ اقلیتی بہبود اور یومِ قومی تعلیم کی اہمیت میں کمی آگئی ہے یا متعلقہ محکمہ نے اس دن کے حقیقی مقاصد کو ہی فراموش کردیا ہے؟۔
یومِ اقلیتی بہبود کوئی محض تہوار یا کسی عظیم شخصیت کے یومِ پیدائش پر رسمی تقریب منعقد کرنے کا موقع نہیں، بلکہ یہ دن اقلیتوں کی ترقی کے دعوؤں اور عملی اقدامات کا محاسبہ کرنے کا بھی ایک اہم موقع ہے۔ ضلع میں محکمہ اقلیتی بہبود کی موجودگی، عہدیداروں کی ذمہ داریوں اور سرکاری اسکیموں پر عمل آوری کے باوجود اگر اس اہم دن پر متعلقہ مسائل پر گفتگو ہی نہ ہو تو اس تقریب کی افادیت پر سوال اٹھنا فطری ہے۔
ضلع جگتیال میں یومِ اقلیتی بہبود کی تقریب منعقد ہونے سے سرکاری ریکارڈ میں ایک پروگرام کا اندراج ضرور ہوگیا، عہدیداروں نے شرکت بھی کرلی اور پریس نوٹ بھی جاری ہوگیا، لیکن عوام کے لیے اس تقریب سے کیا عملی پیغام نکلا؟ اقلیتوں کو کیا نئی سہولت ملی؟ ان کے مسائل کے حل کے لیے کیا یقین دہانی کرائی گئی؟ ان سوالات کا جواب سرکاری اعلامیہ میں موجود نہیں۔
کیا یومِ اقلیتی بہبود کا مقصد صرف مولانا آزاد کی تصویر پر پھولوں کا ہار چڑھانا اور رسمی بیانات جاری کرنا رہ گیا ہے؟ کیا اقلیتوں کی بہبود کے دن پر بھی ان کی حقیقی بہبود کے مسائل زیرِ بحث نہیں آسکتے؟ جب ضلع کے اعلیٰ عہدیدار تقریب میں شریک نہ ہوں، ایڈیشنل کلکٹر ریونیو تاخیر سے پہنچیں اور اردو صحافیوں کو بھی مدعو نہ کیا جائے تو اس پروگرام کی اہمیت اور نمائندگی کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے ہر سال 11 نومبر کو تصویر پر گل پوشی، چند رسمی بیانات اور ایک پریس نوٹ کے ذریعے کارروائی پوری کرنا ہی اگر یومِ اقلیتی بہبود ہے تو پھر اس دن اور عام سرکاری دن میں فرق ہی کیا رہ جاتا ہے؟
