azad Minar

مولانا ابوالکلام آزاد یادگاری مینار

تازہ خبر تلنگانہ

مولانا ابوالکلام آزاد  یادگاری مینار
تین دہائیوں سے وعدے، قراردادیں اور سنگِ بنیاد
مگرتعمیر آج بھی خواب!تین کھنی چوراہے پر یادگار کی تعمیر بعض افراد کی مبینہ مفاد پرستی کی نذر
جگتیال:11؍نومبر
(عمران زین)

شہر جگتیال کے عثمان پورہ تین کھنی چوراہے پر ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم، عظیم مجاہدِ آزادی اور ہندوستانی قومی کانگریس کے پہلے صدر مولانا ابوالکلام آزاد کے نام سے یادگاری مینار کی تعمیر کا معاملہ کوئی نیا نہیں، بلکہ اس کے پیچھے تقریباً چار دہائیوں پر محیط ایک طویل جدوجہد، متعدد بلدیاتی قراردادیں، سیاسی وعدے اور ایک سنگِ بنیاد کی تاریخ پوشیدہ ہے۔ افسوس کہ اتنے طویل عرصے کے باوجود یہ منصوبہ آج تک عملی شکل اختیار نہیں کرسکا۔

سوال یہ ہے کہ جس عظیم شخصیت کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ یادگار تعمیر کی جانی تھی، اس کا خواب آخر کس کی عدم دلچسپی اور کن مفادات کی نذر ہوگیا؟مولانا ابوالکلام آزاد یادگاری مینار کی تعمیر کا مطالبہ سب سے پہلے ابراہیم خان دھونسہ سوسائٹی نے اٹھایا تھا، جس کے صدر محمد ساجد پٹواری اور سکریٹری محمد عرفان تھے۔ سوسائٹی نے اس مقصد کے لیے دستخطی مہم چلائی اور مسلم و غیر مسلم معزز شہریوں، سیاسی قائدین اور وکلاء کی تائید حاصل کرتے ہوئے اس وقت کے بلدیہ چیئرمین پوپالہ اشالو سے نمائندگی کی۔

تاہم اس مطالبے کو بعض حلقوں کی مخالفت کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس وقت بعض افراد شیواجی کا مجسمہ نصب کرنے کے خواہاں تھے، جس کے باعث مولانا آزاد کی یادگار کا معاملہ اختلافات کی زد میں آگیا تھا۔ اس کے باوجود سوسائٹی نے کوششیں جاری رکھیں اور جنوری 1989ء میں مولانا ابوالکلام آزاد یادگاری مینار کی تعمیر کا مطالبہ بلدیہ کونسل کے ایجنڈے میں شامل کرواتے ہوئے اس کی منظوری حاصل کی۔اس کے بعد 1996ء میں بھی بلدیہ کونسل نے مولانا ابوالکلام آزاد کے مجسمے یا یادگار کی تنصیب سے متعلق منظوری دی۔

تلگودیشم حکومت کے دور میں اس وقت کے رکن اسمبلی ایل رمنا کی قیادت میں وزیر سدالہ دیویا کے ہاتھوں سنگِ بنیاد بھی رکھا گیا۔ تاہم یہ سنگِ بنیاد یادگاری مینار کے بجائے مولانا آزاد کا مجسمہ نصب کرنے کے لیے رکھا گیا تھا۔ بعد ازاں علماء کرام کی جانب سے مجسمے کی تنصیب پر اعتراضات سامنے آنے کے بعد مجسمے کے بجائے یادگاری مینار تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔سنگِ بنیاد رکھے جانے کے کچھ عرصے بعد ایک لاری کی ٹکر سے سنگ بنیاد کا پتھر ٹوٹ گیا تھا۔۔ جس مقام پر سنگِ بنیاد رکھا گیا تھا، اس کی نشاندہی بھی وقت گزرنے کے ساتھ معدوم ہوتی جارہی ہے۔ یوں ایک تاریخی شخصیت کے نام سے وابستہ یادگار کا نشان تک رفتہ رفتہ مٹتا دکھائی دے رہا ہے۔
اگست 2004ء میں اس وقت کے بلدیہ چیئرمین جی آر دیسائی نے ایک تقریب کے دوران، جس میں اس وقت کے رکن اسمبلی ٹی جیون ریڈی بھی موجود تھے، مولانا ابوالکلام آزاد یادگاری مینار کی تعمیر کے لیے اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ رکن اسمبلی نے بھی اس تجویز سے اتفاق کیا۔ اسی ماہ منعقدہ ایک مشاعرے میں چیئرمین بلدیہ نے باقاعدہ مینار کی تعمیر کا اعلان بھی کیا، جس سے عوام بالخصوص اردو داں طبقے میں امید پیدا ہوئی کہ اب برسوں پرانا خواب شرمندۂ تعبیر ہوگا۔

ستمبر 2005ء میں اردو صحافیوں نے بھی اس معاملے کو دوبارہ اٹھاتے ہوئے چیئرمین بلدیہ جی آر دیسائی سے نمائندگی کی۔ اس کے بعد بلدیہ کونسل کے اجلاس میں یادگاری مینار کی تعمیر کے لیے قرارداد منظور کی گئی۔ مینار کا ڈیزائن تیار کرنے اور تعمیراتی تخمینہ مرتب کرنے کی ذمہ داری ایک تنظیم کو سونپی گئی۔ اسوسی ایشن نے مینار کا ڈیزائن تیار کروانے کے ساتھ انجینئر کے ذریعہ تعمیراتی تخمینہ بھی مرتب کروایا۔ اس مرحلے پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ اب منصوبے کی راہ میں کوئی بڑی رکاوٹ باقی نہیں رہی۔لیکن افسوس کہ اسی مرحلے پر منصوبہ مبینہ طور پر ذاتی مفادات اور تعمیراتی ٹھیکے کے حصول کی کشمکش کا شکار ہوگیا۔

بتایا جاتا ہے کہ ابوالکلام آزادکے نام سے سرگرم ایک تنظیم کے ذمہ دار نے مینار کی تعمیر کا ٹھیکہ اس وقت کے چیئرمین جی آر دیسائی سے اپنے حق میں دینے کا مطالبہ کیا، جبکہ بعض دیگر افراد بھی تعمیراتی کام حاصل کرنے کی کوشش میں مصروف تھے۔ یوں جس یادگار کی تعمیر کے لیے برسوں جدوجہد کی گئی تھی، اس کے مقصد سے زیادہ تعمیراتی کام اور ٹھیکے کے حصول کو اہمیت دی جانے لگی۔ ٹھیکہ حاصل کرنے کی کوششوں میں باہمی رسہ کشی اور اختلافات نے منصوبے کو مزید پیچیدہ کردیا۔

مبینہ طور پر مسلسل مطالبات اور دباؤ کے باعث اس وقت کے چیئرمین جی آر دیسائی نے بھی مینار کی تعمیر کے معاملے میں دلچسپی لینا چھوڑ دیا اور خاموشی اختیار کرلی۔ نتیجتاً تیار شدہ ڈیزائن، تعمیراتی تخمینہ اور منظور شدہ قرارداد کے باوجود مینار کی تعمیر آگے نہیں بڑھ سکی۔ اگر واقعی یادگار کی تعمیر کے بجائے اس کے ٹھیکے کو ترجیح دی گئی تو یہ نہ صرف ایک افسوس ناک طرزِ عمل تھا بلکہ مولانا آزاد کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے مقصد سے بھی انحراف تھا۔
یہ سوال بھی اپنی جگہ اہم ہے کہ جب 1989ء میں بلدیہ کونسل میں قرارداد منظور ہوئی، 1996ء میں دوبارہ منظوری اور سنگِ بنیاد کا مرحلہ آیا، 2004ء میں سیاسی سطح پر تعمیر کا وعدہ کیا گیا اور 2005ء میں باقاعدہ قرارداد، ڈیزائن اور تعمیراتی تخمینہ بھی تیار ہوگیا، تو پھر یہ منصوبہ آج تک کیوں مکمل نہیں ہوسکا؟ کیا کسی عظیم شخصیت کی یادگار کی تعمیر بھی ذاتی مفادات اور ٹھیکے کی کشمکش سے مشروط ہونی چاہیے؟کیا ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم اور مجاہدِ آزادی مولانا ابوالکلام آزاد کی خدمات اس قابل بھی نہیں کہ ان کے نام سے ایک یادگاری مینار تعمیر کیا جاسکے؟

کیا مسلم مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں اور قومی خدمات کی یاد کو محفوظ رکھنا سیاسی قائدین اور عوامی نمائندوں کی ذمہ داری نہیں؟ آخر کب تک قراردادیں، وعدے اور سنگِ بنیاد ہی اس منصوبے کی پہچان بنے رہیں گے؟