Kavitha

کے سی آر کے فارم ہاؤس کے بارے میں کویتا کا سنسنی خیز تبصرہ

تازہ خبر تلنگانہ

کے سی آر کے فارم ہاؤس کے بارے میں کویتا کا سنسنی خیز تبصرہ
ہریش راؤ پر پانچ ایکڑ اراضی پر قبضے کا الزام،
سدی پیٹ:۔13/نومبر
(نمائندہ زین نیوز)

تلنگانہ راشٹریہ سینا (ٹی آر ایس) کی صدر کویتا نے ضلع سدی پیٹ کے دورے کے موقع پر سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) کے فارم ہاؤس سے متعلق کئی اہم سوالات اٹھاتے ہوئے وہاں پانی کے رخ کی تبدیلی اور نہر کی موجودگی کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بی آر ایس قیادت سے وضاحت طلب کی کہ آیا کے سی آر کے فارم ہاؤس میں نہر موجود ہے یا نہیں اور وہاں پانی کا رخ موڑنے سے متعلق الزامات کی حقیقت کیا ہے۔

کویتا نے کہا کہ وہ اپنے اثاثوں سے متعلق حلف نامے میں درج تفصیلات کے حوالے سے جواب دہ ہیں اور اگر ان کے ظاہر کردہ اثاثوں سے ایک روپیہ بھی زیادہ ثابت ہوتا ہے تو وہ اپنی جائیداد عوام کے نام کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بی آر ایس حکومت کے دور میں ہونے والی مبینہ بدعنوانیوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان کا سوال تھا کہ جب وہ غلطیوں اور بے ضابطگیوں کو عوام کے سامنے لا رہی ہیں تو ان کے خلاف جوابی حملے کیوں کیے جا رہے ہیں؟اس سے قبل کویتا نے اپنے شوہر کے ہمراہ پارٹی دفتر میں بھومی پوجا انجام دی۔

اس موقع پر انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انہیں ایک موقع دیں، کیونکہ سابق چیف منسٹر کے سی آر کو بھی عوام نے موقع دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو یہ فیصلہ کرنا چاہیے کہ آخر کب تک مبینہ بدعنوانی میں ملوث افراد کو سیاسی مواقع فراہم کیے جاتے رہیں گے۔کویتا نے بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ہریش راؤ پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے اپنے حامیوں کے ساتھ مل کر وینکٹیشور سوامی مندر سے متعلق پانچ ایکڑ اراضی پر قبضہ کیا ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ سدی پیٹ میں ہریش راؤ کو شکست دیں گی اور انہیں عوامی زندگی سے بے دخل کرنے کے لیے جدوجہد کریں گی۔انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی رواں ماہ 19 نومبر کو سدی پیٹ کا دورہ کرنے والے ہیں۔ کویتا نے اعلان کیا کہ جب تک ہریش راؤ کے خلاف کارروائی نہیں کی جاتی، وہ کانگریس حکومت کی تائید جاری رکھیں گی۔ انہوں نے سیاست میں صفائی لانے اور نئے لوگوں کو موقع فراہم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔کویتا نے سدی پیٹ کو اپنا آبائی ضلع قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ راشٹریہ سینا کا مقصد عوام کو مفت تعلیم اور بہتر طبی سہولتیں فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بی آر ایس قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ دوسروں پر تنقید کرنے کے بجائے پہلے اپنا محاسبہ کریں۔

انہوں نے متحدہ ضلع میدک کے ساتھ مبینہ ناانصافی پر بھی بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملنا ساگر پراجیکٹ کے متاثرین اور بے گھر ہونے والے خاندانوں کو تاحال مناسب معاوضہ نہیں ملا ہے۔انہوں نے سدی پیٹ کے عوام کو اپنے حقوق کے لیے آواز بلند کرنے اور سیاسی تبدیلی کے لیے آگے آنے کی تلقین کی۔ کویتا نے آئندہ سدی پیٹ بلدی انتخابات میں ٹی آر ایس کی کامیابی کا یقین ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات میں پارٹی کا پرچم لہرائے گا۔